ممبئی
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والے واضح کم دباؤ کے نظام کے اثرات کے باعث آئندہ چار سے پانچ دنوں تک ملک کے وسطی علاقوں میں مانسون سرگرم رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی نے ممبئی، تھانے اور پالگھر کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مانسون کی اس سرگرمی کے باعث 4 سے 7 جولائی کے دوران کونکن اور گجرات میں، 4 سے 6 جولائی کے دوران مدھیہ مہاراشٹر میں، 4 اور 5 جولائی کو سوراشٹر اور اڈیشہ میں، جبکہ 4 جولائی کو مغربی مدھیہ پردیش میں کہیں کہیں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں 4 اور 5 جولائی کے علاوہ 9 اور 10 جولائی کو کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 6 سے 8 جولائی کے دوران ان علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش کی توقع ہے۔اسی طرح مغربی اتر پردیش میں 4 سے 7 جولائی، مشرقی اتر پردیش میں 4 سے 6 جولائی، مغربی راجستھان میں 4 سے 10 جولائی، جبکہ مشرقی راجستھان میں 4 اور 10 جولائی کو مختلف مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفرآباد کے علاقوں میں 4 اور 5 جولائی اور پھر 10 جولائی کو کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 6 سے 9 جولائی کے دوران ان علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 4 سے 10 جولائی تک مسلسل بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں 4 سے 10 جولائی کے دوران گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ، بعض اوقات 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اسی طرح ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں بھی 4 اور 5 جولائی کو ایسے موسمی حالات متوقع ہیں۔
وسطی ہندوستان میں چھتیس گڑھ، مشرقی اور مغربی مدھیہ پردیش اور ودربھ میں 4 سے 10 جولائی کے دوران وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ مشرقی اور مغربی مدھیہ پردیش میں 4 سے 8 جولائی، چھتیس گڑھ میں 6 سے 8 جولائی کے دوران گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ودربھ میں بھی 4 سے 8 جولائی تک تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، انڈمان و نکوبار جزائر، گنگا کے میدانی علاقوں پر مشتمل مغربی بنگال، جھارکھنڈ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں 10 جولائی تک، جبکہ اڈیشہ میں 8 جولائی تک وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔ اڈیشہ میں 9 اور 10 جولائی کو کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بہار میں 10 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے جھارکھنڈ میں 4 جولائی کو درمیانی سے شدید درجے کی آسمانی بجلی گرنے کی سرگرمی کی بھی پیش گوئی کی ہے۔اروناچل پردیش میں 4 سے 6 جولائی اور پھر 9 اور 10 جولائی کو کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، جبکہ 6 سے 10 جولائی کے دوران شدید بارش ہوسکتی ہے۔
آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی 10 جولائی تک کہیں کہیں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔جنوبی ہندوستان میں ساحلی آندھرا پردیش، یانم، رائل سیما، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 10 جولائی تک کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ شمالی اندرونی کرناٹک میں 8 سے 10 جولائی اور جنوبی اندرونی کرناٹک و تلنگانہ میں 6 سے 10 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔
ساحلی کرناٹک، کیرالہ، ماہے اور لکشدیپ میں 10 جولائی تک وسیع پیمانے پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب، مشرقی اتر پردیش اور ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 4 اور 5 جولائی کو گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ آسام اور میگھالیہ میں 7 جولائی تک ایسے موسمی حالات رہ سکتے ہیں۔
قبل ازیں، محکمہ موسمیات نے اڈیشہ کے سمبل پور، بودھ، کالاہانڈی، سبرن پور (سونپور) اور انگول سمیت کئی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی شدید بارش کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا تھا۔