آئی آئی ٹی روڑکی نے جے ای ای ایڈوانسڈ ڈیٹا لیک کی خبروں کو گمراہ کن قرار دے دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2026
آئی آئی ٹی روڑکی نے جے ای ای ایڈوانسڈ ڈیٹا لیک کی خبروں کو گمراہ کن قرار دے دیا
آئی آئی ٹی روڑکی نے جے ای ای ایڈوانسڈ ڈیٹا لیک کی خبروں کو گمراہ کن قرار دے دیا

 



نئی دہلی: آئی آئی ٹی روڑکی نے جے ای ای (ایڈوانسڈ) کے لاکھوں امیدواروں کے ڈیٹا لیک اور پرائیویسی کی خلاف ورزی سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں "گمراہ کن اور حقائق کے منافی" قرار دیا ہے۔ ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جے ای ای (ایڈوانسڈ) کے امیدواروں کے ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق گردش کرنے والی معلومات درست نہیں ہیں اور سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو حقیقت سے بہت دور ہیں۔

بیان کے مطابق، 2 جون 2026 کو امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ تک رسائی میں پیش آنے والی مشکلات دور کرنے اور رجسٹریشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے بعض تکنیکی اقدامات فوری طور پر کیے گئے تھے۔ آئی آئی ٹی روڑکی نے بتایا کہ ان اقدامات کے دوران کلاؤڈ اسٹوریج کے ایک حصے میں عارضی اور محدود نوعیت کی تکنیکی غلط ترتیب (Misconfiguration) پیدا ہوگئی تھی۔

ایک اخلاقی ہیکر رائلن انیل نے اس مسئلے کی نشاندہی کی اور اطلاع دی کہ وہ متعلقہ ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی مسئلہ فوری طور پر حل کر دیا گیا اور ڈیٹا تک رسائی محدود کر دی گئی۔ ادارے نے واضح کیا کہ متاثرہ اسٹوریج صرف ریڈ اونلی (Read-Only) تھا، یعنی اس میں موجود معلومات کو نہ تبدیل کیا جا سکتا تھا اور نہ ہی حذف کیا جا سکتا تھا۔

مزید بتایا گیا کہ کلاؤڈ ایکسیس لاگز کے تجزیے سے یہ ثابت ہوا ہے کہ کسی قسم کا بڑے پیمانے پر ڈیٹا ڈاؤن لوڈ نہیں ہوا۔ محدود رسائی کل ڈیٹا کے 0.05 فیصد سے بھی کم حصے تک محدود رہی۔ آئی آئی ٹی روڑکی کے مطابق کسی بھی حساس معلومات سے سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی بڑے پیمانے پر کوئی ڈیٹا حاصل کیا گیا۔ اس واقعے کا جے ای ای (ایڈوانسڈ) کے نتائج، نمبروں، رینکنگ یا امیدواروں کی کیٹیگری پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

ادارے نے کہا کہ وہ جے ای ای (ایڈوانسڈ) اور جو سا (JoSAA) کاؤنسلنگ کے عمل کی شفافیت، سکیورٹی اور دیانت داری برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تکنیکی واقعے کو غلط انداز میں پیش کر کے امتحانی نظام پر عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کی کوشش تشویشناک ہے اور اس کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔