نئی دہلی:عوامی تحفظ مذہبی آزادی اور پولیس کی جواب دہی پر سنجیدہ خدشات ظاہر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے امر کالونی پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ الزام ہے کہ دہلی کے امریت پوری گڑھی مارکیٹ میں سانتا کلاز کے لباس میں کرسمس منانے والی عیسائی خواتین کو ہراساں کیا گیا گالیاں دی گئیں اور دھمکیاں دی گئیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتے کے روز عام آدمی پارٹی دہلی اسٹیٹ صدر سوربھاردواج براری کے ایم ایل اے سنجیو جھا اور دہلی اسٹیٹ جنرل سیکریٹری عادل احمد خان پولیس اسٹیشن پہنچے۔ انہوں نے سماج دشمن عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا جو مبینہ طور پر برادریوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تحریری شکایت جمع کراتے وقت پارٹی کے کئی کونسلر اور قانونی ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے جن میں وکیل رشی کیش کمار شامل تھے۔
سوربھاردواج نے پولیس اسٹیشن میں دی گئی تحریری شکایت کو ایکس پر دہلی پولیس کمشنر کے ساتھ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پوری دنیا نے خواتین کو ہراساں کرتے غنڈہ عناصر کی ویڈیوز دیکھی ہیں۔ دھمکیاں گالیاں اور خوف زدہ کرنے کے واقعات ہوئے۔ بعد میں ایس ایچ او جائے وقوعہ پر بھی گئے لیکن پھر بھی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ آج میں نے امر کالونی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ امیت شاہ آپ کو یہ ایف آئی آر درج نہیں کرنے دیں گے۔ میں نے ویڈیو میں شناخت ہونے والے کچھ افراد کے نام بھی دیے ہیں۔ اگر ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ہم عدالت جائیں گے۔
باضابطہ شکایت جمع کرانے سے پہلے سوربھاردواج نے کہا کہ ہم امر کالونی پولیس اسٹیشن آئے ہیں۔ سانتا کلاز بھی ہمارے ساتھ آئے ہیں کیونکہ چند دن پہلے 22 دسمبر کو سب نے سوشل میڈیا پر دیکھا کہ امریت پوری مارکیٹ کے علاقے میں گڑھی اور اسکان مندر کے سامنے کچھ خواتین اور بچے سانتا کلاز کی ٹوپیاں پہن کر کرسمس منا رہے تھے۔ کچھ شرارتی عناصر نے انہیں ڈرایا دھمکایا ٹوپیاں چھین لیں گالیاں دیں اور انہیں وہاں سے بھگا دیا۔ انہیں اپنا تہوار منانے نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ وسیع پیمانے پر رپورٹ ہوا لیکن پولیس نے نظر انداز کیا۔ 22 دسمبر کے بعد یہ ویڈیو انٹرنیٹ میڈیا پر گردش کرنے لگی اور ہزاروں لاکھوں لوگوں نے اسے شیئر کیا۔ انسٹاگرام ٹوئٹر فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے اسے دیکھا جس سے ہندوستان کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچا۔ عالمی سطح پر یہ تاثر گیا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور حکومت اور پولیس خاموش رہتی ہیں۔
سوربھاردواج نے کہا کہ ہندوستان کی شبیہ کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت دی گئی۔ چونکہ یہ قابل دست اندازی جرم ہے اس لیے ملک کا کوئی بھی شہری شکایت درج کرا سکتا ہے۔ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ کروڑوں لوگوں نے ویڈیو دیکھی لیکن اب تک مرکزی حکومت یا دہلی پولیس نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔ اس لیے جہاں کہیں بھی نفرت پھیلانے یا دو برادریوں کے درمیان ٹکراؤ بھڑکانے کی کوشش ہو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی جائے یا کسی کے ساتھ بدتمیزی کی جائے وہاں بلا تاخیر مقدمات درج ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر پولیس کمشنر کو ٹوئٹر پر ٹیگ کیا لیکن اس کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ اسی لیے آج ہم سانتا کلاز کے ساتھ پولیس اسٹیشن آئے ہیں تاکہ شکایت درج کرائی جا سکے۔ ہمارے وکیل بھی ہمارے ساتھ ہیں۔
شکایت جمع کرانے کے بعد سوربھاردواج نے کہا کہ اس بار سانتا کلاز واقعی ناراض ہیں کیونکہ کرسمس کے دن اور اس سے پہلے پورے ہندوستان میں جس طرح مذہبی اشتعال انگیزی کی کوشش کی گئی وہ نہایت تشویشناک ہے۔ مختلف چھوٹے دائیں بازو کے گروہوں نے کہیں بجرنگ دل کہیں وی ایچ پی اور کہیں دیگر ناموں سے کرسمس کی تیاریوں کو نقصان پہنچایا۔ سانتا کلاز کے مجسمے توڑے گئے۔ جہاں عیسائی گرجا گھروں میں کرسمس منانے جمع ہوئے وہاں جان بوجھ کر بھجن کیرتن کیا گیا تاکہ مذہبی اشتعال پھیلے۔
مقامی واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امر کالونی پولیس اسٹیشن کے تحت امریت پوری علاقے میں گڑھی کے اسکان مندر کے قریب کچھ خواتین اور چھوٹے بچے سانتا کلاز کی ٹوپیاں پہن کر کرسمس منا رہے تھے۔ انہیں گالیاں دی گئیں غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا گیا دھکے دیے گئے اور کرسمس منانے سے روکا گیا۔ تصاویر اور ویڈیوز سے ہم نے دو نام شناخت کیے ہیں۔ ایک ابھیشیک ہے جو اسکان مندر کے آس پاس رہتا ہے اور دوسرا بنواری لال ہے جو امریت پوری کا رہائشی ہے۔ دونوں نام شکایت میں درج کیے گئے ہیں۔
سوربھاردواج نے کہا کہ شکایت وصول کر لی گئی ہے اور انہوں نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پولیس اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرے۔ میں ملک کے تمام سیکولر لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جہاں کہیں بھی ایسی غنڈہ گردی ہو چاہے اندور آسام چھتیس گڑھ یا کہیں اور شکایات درج کرائی جائیں۔ ورنہ ایسے واقعات عام ہو جائیں گے۔ اس غنڈہ گردی کو روکنے کے لیے شکایات ضروری ہیں۔
قانونی کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ امید نہیں کہ پولیس ایف آئی آر درج کرے گی۔ اگر بروقت ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ہم عدالت جائیں گے۔ نجی شکایت دائر کریں گے اور ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ ایسے معاملات میں ہم سپریم کورٹ تک لڑیں گے۔
میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہمارے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی ہیں تو بی جے پی منڈل صدور سے لے کر مرکزی وزرا تک سب سرگرم ہو جاتے ہیں جیسے کوئی بڑا کارنامہ انجام دیا گیا ہو۔ لیکن ایسے معاملات میں خاموشی چھا جاتی ہے۔
سوربھاردواج نے کہا کہ سانتا کلاز بھی بیمار ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ بیمار ہو سکتے ہیں تو سانتا کلاز کیوں بیمار نہیں ہو سکتے۔ جب ریکھا گپتا ایئر پیوریفائر لے کر چلتی ہیں اور وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں ایئر پیوریفائر ہیں تو سانتا کلاز کیوں بیمار نہیں ہو سکتے۔ سانتا کلاز آلودگی کی وجہ سے بیمار ہیں لیکن یہ لوگ آلودگی سے متعلق خبروں کو دبانا چاہتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ آلودگی پر کوئی بحث ہو۔