وانگچک کی جگہ ا ن کی اہلیہ پارلیمنٹ مارچ کی قیادت کریں گی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2026
 وانگچک کی جگہ ان کی اہلیہ پارلیمنٹ مارچ کی قیادت کریں گی
وانگچک کی جگہ ان کی اہلیہ پارلیمنٹ مارچ کی قیادت کریں گی

 



نئی دہلی: سماجی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے اعلان کیا ہے کہ وہ پیر کو ہونے والے پارلیمنٹ مارچ میں اپنے شوہر کی نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سونم وانگچک بدستور غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب دہلی ہائی کورٹ نے سونم وانگچک کو صفدر جنگ اسپتال سے کسی نجی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر فوری عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا۔

گیتانجلی انگمو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل کے احتجاج میں سونم وانگچک کی نمائندگی ضرور کریں گی۔ ان کے مطابق اگر آج انہیں نجی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت مل جاتی تو وہ وہاں سے کل صبح احتجاجی مقام پر پہنچ سکتے تھے لیکن انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ ایسی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے احتجاج میں شریک ہونے والے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ دو باتوں کا خاص خیال رکھیں۔ پہلی یہ کہ پورا مارچ مکمل طور پر پرامن رہے۔ دوسری یہ کہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو احتجاج کو خراب کرنے یا اس کا رخ بدلنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی سے بچنا ضروری ہے۔

گیتانجلی انگمو نے مزید بتایا کہ سونم وانگچک اپنی بھوک ہڑتال اسی انداز میں جاری رکھنا چاہتے ہیں جیسے اب تک کرتے آئے ہیں۔ ان کے بقول ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں مائعات استعمال کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے لیکن انہوں نے اس سے انکار کیا ہے تاہم وہ پانی پی رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گیتانجلی انگمو نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سونم وانگچک کو نیٹ یو جی سوالیہ پرچہ افشا ہونے کے معاملے پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے ساتھ جنتر منتر پر جاری غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے دوران زبردستی ہٹا کر صفدر جنگ اسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں ان کی مرضی کے بغیر وہاں رکھا جا رہا ہے۔

جسٹس منی پشکرنا نے درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ عدالت کے سامنے پیش کیے گئے مواد سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ سونم وانگچک کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ان کی اہلیہ۔ بھائی اور دیگر اہل خانہ کو ان سے بلا روک ٹوک ملاقات کی اجازت ہے اور اسپتال میں ان کے قیام کے لیے الگ کمرہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

اس معاملے کی آئندہ سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔