کینیڈا میں قتل : طالبہ ودھی میگھا کی آخری رسومات وطن میں ہوں، والد کی حکومت سے اپیل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2026
کینیڈا میں قتل ہونے والی طالبہ ودھی میگھا کی آخری رسومات وطن میں ہوں، والد کی حکومت سے اپیل
کینیڈا میں قتل ہونے والی طالبہ ودھی میگھا کی آخری رسومات وطن میں ہوں، والد کی حکومت سے اپیل

 



ٹورنٹو: کینیڈا کے نیاگرا ریجن میں قتل ہونے والی 22 سالہ بھارتی طالبہ ودھی میگھا کے والد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹی کی میت جلد از جلد بھارت لائی جائے تاکہ آخری رسومات اپنے وطن میں ادا کی جا سکیں۔

گجرات کے شہر بورسَد سے تعلق رکھنے والی ودھی میگھا کو 15 مئی کو کینیڈا کے شہر سینٹ کیتھرینز میں مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ودھی کے والد کلپیش بھائی میگھا نے بتایا کہ ان کی بیٹی پر چاقو سے حملہ کیا گیا اور وہ اس واقعے میں جان کی بازی ہار گئی۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی آخری رسومات بھارت میں ادا کرنا چاہتے ہیں اس لیے میت کو جلد از جلد وطن واپس بھیجا جائے۔

کلپیش بھائی میگھا نے کہا کہ انہیں بدھ کے روز پولیس کی جانب سے بیٹی کی موت کی اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے کینیڈا میں موجود اپنے رشتہ داروں سے رابطہ کیا تاکہ قانونی کارروائی مکمل کر کے میت بھارت لائی جا سکے۔

ان کے مطابق ودھی میگھا کینیڈا میں بزنس مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کرنے گئی تھیں اور انہوں نے تین سالہ کورس مکمل کرنے کے بعد پرسنل سپورٹ ورکر آنرز کورس میں داخلہ لیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے برادر نسبتی بھی کینیڈا میں مقیم ہیں جبکہ گجرات حکومت کے وزیر اور بورسَد سے بی جے پی ایم ایل اے رمن بھائی سولنکی نے بھی جمعرات کی صبح ان کے گھر پہنچ کر تعزیت کی۔

رمن بھائی سولنکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں وزیر اعلیٰ دفتر اور وزیر اعظم دفتر دونوں سے رابطہ کیا ہے تاکہ ودھی میگھا کی میت بغیر کسی تاخیر کے ان کے اہل خانہ کے حوالے کی جا سکے۔

دوسری جانب نیاگرا ریجنل پولیس کے مطابق 15 مئی کو انہیں سینٹ کیتھرینز میں لیک شور روڈ اور لیک اسٹریٹ کے قریب ایک رہائش گاہ سے دو افراد کے بے جان حالت میں ہونے کی اطلاع ملی تھی۔

پولیس کے مطابق گھر کے اندر ایک خاتون مردہ پائی گئی جبکہ ایک زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

بعد ازاں پولیس کے ہومیسائیڈ یونٹ نے تحقیقات سنبھالیں اور 18 مئی کو 40 سالہ جوشوا سینٹ اومر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملزم پر سیکنڈ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ وہ اب بھی پولیس کی حراست میں ہے۔