مجھے نہیں معلوم کہ میں وائرل کیوں ہوتا رہتا ہوں: روی کشن

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
مجھے نہیں معلوم کہ میں وائرل کیوں ہوتا رہتا ہوں: روی کشن
مجھے نہیں معلوم کہ میں وائرل کیوں ہوتا رہتا ہوں: روی کشن

 



ممبئی
اداکار اور سیاست دان روی کشن کا کہنا ہے کہ وہ آج تک یہ نہیں سمجھ پائے کہ سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز اور میمز آخر کیوں اتنی زیادہ وائرل ہوتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محض ایک عام انسان ہیں اور دوسروں کی طرح ان سے بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔
جمعہ کی شام اپنی آنے والی فلم "ماں بہن" کے ٹریلر لانچ کے موقع پر روی کشن سے ان کی حالیہ وائرل ویڈیو کے بارے میں سوال کیا گیا، جس میں انہوں نے غلطی سے "ورک فرام ہوم" کہنے کے بجائے "ہوم فرام ورک" کہہ دیا تھا۔
اس ویڈیو میں وہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی "ورک فرام ہوم" اپیل کی حمایت میں بات کر رہے تھے۔
گورکھپور سے بی جے پی کے رکنِ پارلیمان روی کشن نے کہا کہ میں مہادیو کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ مجھے بالکل اندازہ نہیں کہ میں بار بار کیوں وائرل ہو جاتا ہوں۔ اس وقت میں پارلیمنٹ جا رہا تھا اور کہنا چاہتا تھا کہ 'ورک فرام ہوم' (گھر سے کام) کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میرے منہ سے غلطی سے 'ہوم فرام ورک' نکل گیا۔
فلم "ماں بہن" میں روی کشن کے ساتھ مادھوری دکشت، ترپتی ڈمری اور سوشل میڈیا انفلوئنسر دھارنا درگا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔نیٹ فلکس کی اس فلم کی ہدایت کاری سریش تریوینی نے کی ہے، جو اس سے قبل "سوبیدار" اور "تمہاری سلو" جیسی فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔