نئی دہلی
سابق ماؤ نواز رہنما راجی ریڈی نے تلنگانہ پولیس کے اس سرکاری دعوے کو چیلنج کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے خودسپردگی کی ہے۔ راجی ریڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہتھیار نہیں ڈالے بلکہ انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔اپنی گرفتاری کے حالات یاد کرتے ہوئے سابق رہنما نے الزام لگایا کہ حکام اکثر سینئر ماؤ نواز رہنماؤں کو گرفتار کرتے ہیں اور بعد میں اسے رضاکارانہ خودسپردگی کے طور پر پیش کر دیتے ہیں۔
راجی ریڈی نے کہا كہ میں نے خودسپردگی نہیں کی، مجھے 18 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ طے کیا گیا تھا کہ ہم اس معاملے کو قانون کے دائرے میں اور نسبتاً پُرامن طریقے سے حل کریں گے۔ جسے بھی پکڑا جاتا ہے، حکومت اسے خودسپردگی قرار دے دیتی ہے۔دیووجی نے یہ بھی کہا کہ کمیونسٹ پارٹی (ماؤ نواز) جو طویل عرصے سے دور دراز علاقوں میں طبقاتی جدوجہد اور گوریلا جنگ میں مصروف رہی ہے، اب اپنی روایتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں بڑی مشکلات کا سامنا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے تنظیم کھلی مسلح لڑائی جاری رکھنے کے بجائے خفیہ طور پر عوام کو جدوجہد کے لیے منظم کرنے کی حکمت عملی اختیار کرے اور اس مقصد کے لیے نئے علاقوں میں جا کر اپنی تنظیم نو کرے۔
راجی ریڈی نے کہا كہ مجھے لگتا ہے کہ پارٹی جو اندرونی علاقوں میں طبقاتی جدوجہد اور گوریلا جنگ لڑتی رہی ہے، مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو جاری رکھنا مشکل پا سکتی ہے۔ اس لیے کھلی مسلح لڑائی کے بجائے وہ خفیہ طور پر عوام کو منظم کرنے کا راستہ اختیار کر سکتی ہے اور نئے علاقوں میں جا کر اپنی پارٹی کو دوبارہ منظم کرے گی۔دوسری جانب تلنگانہ میں نکسلی مخالف کارروائیوں کے تحت ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سی پی آئی (ماؤ نواز) کے 130 کارکنوں نے 7 مارچ کو خودسپردگی کر دی۔
تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بی شیودھر ریڈی کے مطابق ان کارکنوں نے پولیس کے حوالے 124 ہتھیار کیے جن میں انساس اور اے کے-47 رائفلیں بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر ہتھیار پہلے پولیس فورس سے لوٹے گئے تھے۔
ریڈی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا كہ سی پی آئی (ماؤ نواز) کے 130 کارکنوں نے آج خودسپردگی کی ہے۔ انہوں نے پولیس کے حوالے 124 ہتھیار کیے جن میں انساس اور اے کے-47 رائفلیں شامل ہیں۔ یہ تمام ہتھیار پولیس فورس سے لوٹے گئے تھے۔ یہ حکومت اور تلنگانہ پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔خودسپردگی کا یہ پروگرام حیدرآباد میں انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی کی موجودگی میں منعقد ہوا۔
حکام کے مطابق خودسپردگی کرنے والوں میں ریاستی کمیٹی کے تین ارکان، ایک علاقائی کمیٹی کا رکن، دس ڈویژنل کمیٹی کے ارکان، 46 ایریا کمیٹی کے ارکان اور 70 دیگر پارٹی کارکن شامل تھے۔
خودسپردگی کرنے والے ماؤ نوازوں نے پولیس کو 124 ہتھیار سونپے جن میں
۔1 انساس ایل ایم جی رائفل
۔31 اے کے-47 رائفلیں
۔21 انساس رائفلیں
۔20 ایس ایل آر رائفلیں
۔18 .303 رائفلیں
اور 33 دیگر ہتھیار شامل ہیں۔
خودسپردگی پروگرام کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونتھ ریڈی نے مرکزی کمیٹی کے رکن گنپتی سمیت ماؤ نواز قیادت سے اپیل کی کہ وہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں اور تلنگانہ کی تعمیر نو میں فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے خودسپردگی کرنے والے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاستی حکومت کی اپیل قبول کر کے عام زندگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونتھ ریڈی نے کہا کہ حکومت قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نکسلیوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ریاستی حکومت زیر التوا مقدمات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے سکتی ہے۔