نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں شدید آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے تسلیم کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر اخراجات (ایمی شنز) میں تقریباً 40 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ منگل کے روز اُدی مہورکر کی کتاب ’مائی آئیڈیا آف نیشن فرسٹ – ری ڈیفائننگ اَن الائیڈ نیشنلزم‘ کی رسمِ اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ وہ قومی دارالحکومت میں محض دو دن قیام کے بعد ہی آلودہ ہوا کی وجہ سے انفیکشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج حقیقی قوم پرستی کہیں ہے تو وہ درآمدات کم کرنے اور برآمدات بڑھانے میں ہے۔ میں دہلی میں صرف دو دن رہتا ہوں اور مجھے انفیکشن ہو جاتا ہے۔ دہلی آلودگی سے اتنا کیوں متاثر ہے؟گڈکری نے مزید اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹرانسپورٹ وزیر ہوں، اور آلودگی کا 40 فیصد سبب ہم خود ہیں۔ ٹرانسپورٹ وزیر نے فوسل فیول کی درآمد پر سالانہ 22 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی منطق پر بھی سوال اٹھایا اور متبادل ایندھن اور بایو فیول میں خود کفالت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم فوسل فیول کی درآمد پر 22 لاکھ کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔ یہ کیسی قوم پرستی ہے؟ اتنی بڑی رقم خرچ کر کے ہم اپنے ہی ملک کو آلودہ کر رہے ہیں۔ کیا ہم متبادل ایندھن اور بایو فیول میں خود کفیل نہیں ہو سکتے؟
ادھر بدھ کے روز قومی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں زہریلی اسموگ کی موٹی تہہ چھا گئی۔ آئی ٹی او علاقے سے سامنے آنے والی تصاویر میں بگڑتی ہوئی فضائی کیفیت دیکھی گئی۔ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے دہلی-این سی آر میں گریپ مرحلہ چہارم کے تحت تمام اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی ) کے مطابق آئی ٹی او علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 374 ریکارڈ کیا گیا، جو ‘انتہائی خراب’ زمرے میں آتا ہے۔
اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں آلودگی پر بحث کا مطالبہ کیا تھا۔ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی سے لے کر کانگریس رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی تک، کئی رہنماؤں نے حکومت سے اس مسئلے پر سنجیدگی کے ساتھ کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ تاہم، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت فضائی آلودگی پر بحث کرنا چاہتی تھی، مگر وکست ہندستان – جی رام جی بل کی منظوری کے دوران کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامے کی وجہ سے یہ بحث نہیں ہو سکی۔