میں قصوروار نہیں ہوں، مجھے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا: لالو یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-10-2025
میں قصوروار نہیں ہوں، مجھے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا: لالو یادو
میں قصوروار نہیں ہوں، مجھے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا: لالو یادو

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی راوس ایونیو کورٹ نے پیر کے روز سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو، بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو اور دیگر کے خلاف رانچی اور پوری میں واقع دو آئی آر سی ٹی سی ہوٹلوں کے ٹینڈر میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں الزامات طے کیے۔ عدالت نے مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کیے ہیں، جبکہ تمام ملزمان پر مجرمانہ سازش کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
لالو پرساد یادو نے خود کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقدمے کا سامنا کریں گے۔عدالت نے ملزمان کے مبینہ کردار کی بنیاد پر مختلف دفعات میں الزامات طے کیے۔ رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو پر دھوکہ دہی اور سازش رچنے کے لیے آئی پی سی کی دفعات 420 اور 120-بی کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو اور دیگر نے خود کو بے قصور قرار دیا، جبکہ رابڑی دیوی نے کہا کہ یہ مقدمہ غلط ہے۔ عدالت نے کہا کہ ممکنہ دھوکہ دہی کو دھوکہ دہی ہی سمجھا جانا چاہیے اور سرکاری خزانے کو ہونے والا نقصان معمولی بات نہیں بلکہ ایک مالی نقصان ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ سازش سنگین نوعیت کی ہے، لیکن عدالت کی نظر سے پوشیدہ نہیں۔
آئی آر سی ٹی سی ہوٹل گھوٹالہ کیا ہے؟
یہ پورا معاملہ 2004 سے 2009 کے درمیان کا ہے، جب لالو پرساد یادو ہندوستان کے ریلوے وزیر تھے۔ اس دوران آئی آر سی ٹی سی (انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن) کے دو ہوٹلوں کے مینٹیننس (نگرانی و دیکھ بھال) کے ٹھیکے دینے میں بدعنوانی کے الزامات لگے۔ الزام ہے کہ آئی آر سی ٹی سی کے دو ہوٹل — بی این آر رانچی اور بی این آر پوری — کا ٹھیکہ ’سجاتا ہوٹل‘ نامی کمپنی کو دیا گیا، اور اس سودے کے بدلے لالو یادو کو ایک بے نامی کمپنی کے ذریعے تین ایکڑ زمین دی گئی۔
سی بی آئی نے 2017 میں لالو پرساد یادو اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ سی بی آئی نے دہلی کی عدالت کو بتایا تھا کہ تمام ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔ لالو یادو کے خاندان نے تحقیقات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے،اور یہ مقدمہ سیاسی مقصد سے متاثر ہے۔