نئی دہلی/ آواز دی وائس
سونم وانگچک کو قومی سلامتی ایکٹ کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے۔ اب ان کی اہلیہ گیتانجلی جے انگمو نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ’بار اینڈ بینچ‘ کی رپورٹ کے مطابق، سونم وانگچک کی اہلیہ انگمو نے الزام لگایا ہے کہ راجستھان پولیس اور انٹیلیجنس بیورو ان کی ہر سرگرمی پر نظر رکھ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ اپنے شوہر سے جودھپور سینٹرل جیل میں ملاقات کے لیے جاتی ہیں، تو جودھپور پہنچنے سے لے کر دہلی واپسی تک پولیس ان کے ساتھ رہتی ہے اور ان کی ہر نقل و حرکت کی نگرانی کرتی ہے۔
انگمو نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ جمع کرایا ہے۔ اپنے حلف نامے میں انہوں نے کہا کہ ستمبر کے آخر سے وہ مسلسل دہلی میں نگرانی میں رکھی جا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 7 اکتوبر اور 11 اکتوبر کو جب وہ جودھپور سینٹرل جیل میں اپنے شوہر سے ملنے گئیں، تو جودھپور ایئرپورٹ پر اترتے ہی پولیس نے انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا لیا اور پورے سفر کے دوران پولیس اہلکار ان کے ساتھ رہے۔
سونم وانگچک کی اہلیہ نے بتایا کہ انہیں پہلے سے اپنی سفر کی معلومات حکام کو دینی پڑتی ہے۔
انگمو نے کہا کہ جیل کے اندر جب وہ اپنے شوہر سے ملاقات کر رہی تھیں، تو ایک ڈپٹی کمشنر آف پولیس منگلیش اور ایک خاتون کانسٹیبل پاس ہی بیٹھے تھے اور ان کی گفتگو کے نوٹس لے رہے تھے۔
حلف نامے میں انگمو نے کہا کہ مجھے جودھپور میں کسی اور سے ملنے یا کہیں اور جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جب میرے پاس ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے کچھ گھنٹے تھے، تب بھی پولیس نے مجھے ریلوے اسٹیشن لے جا کر وہیں بٹھائے رکھا۔ ٹرین میں بھی اہلکار میرے ساتھ بیٹھے رہے اور دو گھنٹے بعد میرٹھا روڈ جنکشن پر اتر گئے۔
سپریم کورٹ سے انگمو نے اپیل کی کہ ایک شہری کی حیثیت سے انہیں اپنے شوہر سے ملنے کا پورا حق حاصل ہے، اور کسی بھی اہلکار کو ان کی نجی گفتگو سننے یا ریکارڈ کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ انگمو نے کہا کہ میری اور میرے شوہر کی گفتگو مکمل طور پر پرائیویٹ ہے، اور اس پر نگرانی آئین کے آرٹیکل 19 اور 21 کے تحت حاصل حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انگمو نے یہ بھی بتایا کہ 30 ستمبر کو دہلی میں پریس کانفرنس کرنے کے بعد سے ان کے گھر کے باہر نگرانی شروع ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی میں اپنے گھر سے نکلتی ہوں، ایک کار اور موٹر سائیکل پر سوار لوگ میرا پیچھا کرتے ہیں۔ یہ صورتحال مسلسل برقرار ہے۔ ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو 26 ستمبر کو لداخ میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور ریاستی درجہ کے مطالبے سے متعلق احتجاج کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
انہیں قومی سلامتی ایکٹ کی دفعہ 3(2) کے تحت جودھپور جیل میں نظر بند رکھا گیا ہے۔ گیتانجلی انگمو نے سپریم کورٹ سے اپنے شوہر کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قومی سلامتی یا عوامی نظم سے متعلق نہیں ہے، بلکہ ایک پرامن اور معزز ماحولیاتی کارکن کو خاموش کرانے کی کوشش ہے۔