میں سبزی خور ہوں، پھر بھی میں نے جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے نان ویج بنوایا: رادھا کرشنن

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-02-2026
میں سبزی خور ہوں، پھر بھی میں نے جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے نان ویج بنوایا: رادھا کرشنن
میں سبزی خور ہوں، پھر بھی میں نے جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے نان ویج بنوایا: رادھا کرشنن

 



سری نگر
کشمیر یونیورسٹی کے 21ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے جمعرات کے روز دوسروں کے جذبات کے احترام کی اہمیت پر زور دیا اور جھارکھنڈ کے گورنر کے طور پر اپنے دور میں جموں و کشمیر کے طلبہ کے جھارکھنڈ کے دورے کو یاد کیا۔
نائب صدر رادھا کرشنن نے کہا کہ خود سبزی خور ہونے کے باوجود انہوں نے جموں و کشمیر سے آئے طلبہ کے ایک گروپ کے لیے نان ویجیٹیرین کھانا پیش کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت میں  دوسروں کے جذبات کا احترام کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا اپنے جذبات کا احترام کرنا، اور ایسے باہمی تبادلے قومی یکجہتی کو مضبوط کرتے ہیں۔
ہندوستان میں ہو رہی بڑی تبدیلیاں
سی پی رادھا کرشنن نے ہندوستان میں ہو رہی بڑی تبدیلیوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا كہ ہندوستان اب صرف ٹیکنالوجی اپنانے والا ملک نہیں رہا، بلکہ ہم ایک اختراع کار (انوویٹر) کے طور پر ابھر رہے ہیں، اور یہی وہ بڑی تبدیلی ہے جس سے ہندوستان گزر رہا ہے۔
انہوں نے دہلی میں حال ہی میں منعقد ہونے والے اے آئی سمٹ کے دوران مختلف سی ای اوز سے ملاقات کے دوران نظر آنے والے جوش و خروش کا بھی ذکر کیا۔
گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے رادھا کرشنن نے کہا کہ اگرچہ یونیورسٹیاں بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی معیار کے لیے جانی جاتی ہیں، لیکن ان کی اصل پہچان ان کے فارغ التحصیل طلبہ کے کردار اور سماجی خدمات میں جھلکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں سونے کے تمغے حاصل کرنے والوں میں اکثریت خواتین کی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ان اہم وجوہات کی بنا پر میں بہت خوش ہوں۔انہوں نے اسے جموں و کشمیر میں خواتین کے بااختیار ہونے اور ترقی کا مضبوط ثبوت قرار دیا۔ نائب صدر نے ڈیجیٹل انڈیا،اسٹارٹ اپ انڈیااور میک ان انڈیا جیسی سرکاری اسکیموں کا بھی حوالہ دیا۔
عمر عبداللہ نے کیا کہا؟
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی گریجویشن کرنے والے طلبہ سے خطاب کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ طلبہ ان نسلوں کی وراثت کو آگے بڑھا رہے ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں بھی علم کی شمع روشن رکھی۔اپنی حکومت کی پالیسی کو قابلیت، پائیدار ترقی اور ڈیجیٹل خودمختاری کے تین ستونوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ 60 ہزار گریجویشن طلبہ میں سے 60 فیصد سے زیادہ ڈگریاں ہماری بیٹیوں کو ملی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا كہ ہم خواتین کی فلاح سے آگے بڑھ کر خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت بڑھ چکے ہیں۔