نظام آباد (تلنگانہ)،: نظام آباد پولیس نے 42 سالہ کانسٹیبل ای پرمود کے قتل کے الزام میں شیخ ریاض کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ریاض نے اتوار کو سرنگاپور علاقے میں ایک شخص آصف پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ "نظام آباد ٹاؤن 6 پولیس اسٹیشن کے حدود میں آصف نامی شخص پر ریاض نے حملہ کیا، جس میں دونوں زخمی ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو پکڑا اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔"
تاہم واقعہ اُس وقت سنگین ہوگیا جب ریاض کو تھانے لے جایا جا رہا تھا۔ اسی دوران اُس نے وینایک نگر کے قریب سی سی ایس کانسٹیبل پرمود پر چاقو سے پیچھے سے وار کر دیا۔ پرمود کے سینے پر چاقو لگا اور ریاض موقع سے فرار ہوگیا۔
پرمود کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ریاض، جو ناگارم علاقے کا رہائشی ہے، کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات پہلے سے درج ہیں، اور اسی نے ماضی میں پرمود نے اسے گرفتار کیا تھا۔
دوسری جانب، تلنگانہ پولیس نے بدھ کے روز ایک ہوم گارڈ اور آر ایم پی ڈاکٹر کو 29 سالہ خاتون کے مبینہ ریپ اور قتل کے معاملے میں گرفتار کیا۔ یہ کارروائی اُس وقت ہوئی جب متاثرہ کی والدہ نے شکایت درج کرائی۔ پولیس نے ریپ، قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا ہے۔
شمس آباد کے اے سی پی وی شری کانت گوڑ کے مطابق مقتولہ کی شناخت بیایگری مونیکا کے طور پر ہوئی ہے، جو ایک پرائیویٹ ملازمت کرتی تھی۔ پولیس کے مطابق مونیکا سات سال سے مرکزی ملزم بنوری مدھوسودن کے ساتھ تعلق میں تھی، جو شمس آباد فنگرپرنٹ ٹیم میں تعینات ہوم گارڈ ہے۔
پولیس کے مطابق مدھوسودن نے شادی کا جھوٹا وعدہ کر کے مونیکا کا جنسی استحصال کیا۔ جب وہ حاملہ ہو گئی تو اُس نے اسے اسقاطِ حمل پر مجبور کیا اور پالمکولا گاؤں کی آر ایم پی ڈاکٹر گڈامیڈی پدمجا سے رجوع کیا۔ تاہم، آپریشن کے بعد مونیکا کو شدید خون بہنے لگا اور اسپتال لے جانے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی۔