حیدرآباد ایئرپورٹ پر فلائٹ کو بم کی دھمکی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-12-2025
حیدرآباد ایئرپورٹ پر  فلائٹ کو بم کی دھمکی
حیدرآباد ایئرپورٹ پر فلائٹ کو بم کی دھمکی

 



حیدرآباد/ آواز دیو ائس 
راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے جمعہ کے روز مکمل سکیورٹی پروٹوکول نافذ کیے جب دبئی  سے حیدرآباد  آنے والی ایمریٹس کی فلائٹ  ای کے 526 کے لیے بم کی دھمکی والا ای میل موصول ہوا۔ جی ایم آر پی آر او کے مطابق یہ دھمکی آمیز پیغام 5 دسمبر کی صبح تقریباً 7:30 بجے حیدرآباد ایئرپورٹ کے کسٹمر سپورٹ کو موصول ہوا۔ دبئی سے سفر کرنے والے مسافروں کو لے کر آنے والی پرواز سخت نگرانی میں اپنی منزل کی جانب بڑھتی رہی اور تقریباً 8:30 بجے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتری۔
طیارے کے اترتے ہی سکیورٹی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کردی۔ ہوائی جہاز کو ایک الگ کھڑی گاہ میں منتقل کیا گیا اور تمام مسافروں کو معیاری طریقہ کار کے مطابق بحفاظت اتار لیا گیا۔ مزید تفصیلات تفتیش آگے بڑھنے کے بعد سامنے آئیں گی۔ یہ حالیہ واقعہ حیدرآباد جانے والی پروازوں میں بم کی دھمکیوں کے بڑھتے ہوئے سلسلے کے دوران پیش آیا ہے۔ جمعرات کے روز مدینہ سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو فلائٹ 6E 058 کو اسی نوعیت کی دھمکی ملنے کے بعد احمدآباد میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اس پرواز میں 180 مسافر اور چھ عملے کے ارکان سوار تھے۔ اس سے قبل اسی ہفتے کویت–حیدرآباد انڈیگو پرواز کو بھی بم کی اطلاع کے بعد ممبئی میں ہنگامی طور پر اتارنا پڑا تھا۔
دوسری جانب، 22 نومبر کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک جعلی ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آمد کے علاقے کے قریب آر ڈی ایکس رکھا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کے بعد پولیس نے اس دھمکی کو جھوٹا قرار دیا۔ اس کے علاوہ یکم نومبر کو بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بم کی دھمکی والا ای میل ملا، جس کی وجہ سے حکام نے ایک انڈیگو پرواز کو قریبی ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا۔