ہمایوں کبیر کی بنگال حکومت کو وارننگ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
ہمایوں کبیر کی بنگال حکومت کو وارننگ
ہمایوں کبیر کی بنگال حکومت کو وارننگ

 



کولکتہ
عام جنتا اُنیّن پارٹی  کے صدر ہمایوں کبیر اور ریاستی حکومت کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ریزی نگر سے رکنِ اسمبلی ہمایوں کبیر نے نماز اور قربانی سے متعلق قواعد میں سختی کے معاملے پر ریاستی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سوبھیندو ادھیکاری آگ سے نہ کھیلیں۔
انہوں نے سڑکوں پر نماز، گائے کی قربانی اور مدارس میں ’’وندے ماترم‘‘ کو لازمی قرار دینے جیسے معاملات پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔درحقیقت، مغربی بنگال میں عیدالاضحیٰ سے قبل گائے کی قربانی کے حوالے سے جاری نئے رہنما اصولوں کے بعد سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی گائے یا بھینس کی قربانی صرف اسی صورت میں دی جا سکے گی جب تحریری ثبوت موجود ہو کہ جانور کی عمر 14 سال سے زیادہ ہے اور وہ کام یا افزائشِ نسل کے قابل نہیں رہا، یا پھر کسی سنگین بیماری، چوٹ یا معذوری کے باعث مستقل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔
تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان ہدایات کا عیدالاضحیٰ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
حکومت کے خلاف محاذ
اس معاملے پر ریزی نگر کے رکنِ اسمبلی ہمایوں کبیر نے حکومت کے خلاف سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اسلام کی ایک مذہبی روایت ہے اور اسے کسی بھی صورت روکا نہیں جا سکتا۔
کبیر نے کہا کہ حکومت چاہے مسلمانوں کے بیف کھانے پر پابندی کا قانون بنا دے، لیکن قربانی جاری رہے گی۔ ہم کسی اعتراض کو قبول نہیں کریں گے۔بعد ازاں ترنمول کانگریس کے رکنِ اسمبلی اخروالزمان کی جانب سے کلکتہ ہائی کورٹ میں دائر درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ گائے کی قربانی عیدالاضحیٰ کا لازمی مذہبی حصہ نہیں ہے۔اس کے باوجود ہمایوں کبیر اپنے مؤقف پر قائم رہے اور کہا کہ قرآن میں جو لکھا ہے وہی ہوگا، قربانی ہر حال میں ہوگی۔
ترنمول کانگریس سے اخراج کے بعد اپنی جماعت قائم کرنے والے کبیر نے بی جے پی رہنما سوبھیندو ادھیکاری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی معاملات میں مداخلت ’’آگ سے کھیلنے‘‘ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم برادری قربانی کے مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
بی جے پی کا مؤقف
دوسری جانب بی جے پی کے ریاستی صدر سامک بھٹاچاریہ نے کبیر کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ قانون و انتظام اور غیر قانونی مذبح خانوں کو روکنے سے متعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم اگر کوئی بیف کھانا چاہتا ہے تو ایک جمہوری ملک میں اسے روکا نہیں جا سکتا۔ بی جے پی لوگوں کی خوراک کے انتخاب میں مداخلت نہیں کرتی، لیکن عوامی مقامات پر گایوں کے ذبح کیے جانے کی مخالفت کرتی ہے۔
عید کی نماز پر بھی تنازع
تنازع یہیں ختم نہیں ہوا۔ ہمایوں کبیر نے کولکتہ کے تاریخی ریڈ روڈ پر عید کی نماز کے انعقاد پر عائد پابندی کا معاملہ بھی اٹھایا۔بی جے پی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی سڑکوں پر مذہبی اجتماعات اور نماز کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اس سے ٹریفک متاثر ہوتا ہے۔
اس پر کبیر نے کہا کہ اگر ریڈ روڈ پر عید کی نماز کی اجازت نہیں دی گئی تو احتجاج ہوگا۔ نماز کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جانی چاہیے۔ اگر نماز پر پابندی لگائی جاتی ہے تو پھر سڑکوں پر پوجا پاٹ کی بھی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
کبیر کے اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سامک بھٹاچاریہ نے کہا کہ اگر بنگال میں پوجا پاٹ روکنے کی کوشش کی گئی تو عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ لوگ پہلے ہی شدید غصے میں ہیں اور حکومت حالات پر قابو نہیں رکھ سکے گی۔