نئی دہلی
شمالی دہلی کے مکند پور علاقے میں منگل کی صبح ایل پی جی سلنڈر دھماکے کے باعث ایک یک منزلہ مکان منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ گلی نمبر 1، ایشو وہار، مکند پور-2 میں شمشان گھاٹ کے قریب پیش آیا۔دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے مطابق صبح 9 بج کر 37 منٹ پر دھماکے اور مکان گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع دینے والے شخص نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کئی افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔
ڈی ایف ایس کے ایک افسر نے بتایا کہ دھماکے اور عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا اور تلاش و بچاؤ کا آپریشن شروع کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکہ تقریباً 250 مربع گز پر مشتمل ایک منزلہ مکان میں ہوا۔مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے ملبے تلے دبے چار سے پانچ زخمی افراد کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام ملبہ ہٹانے اور مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔