پرینکا گاندھی نے ایل پی جی کی قلت پر تشویش کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-03-2026
پرینکا گاندھی نے ایل پی جی کی قلت پر تشویش کا اظہار کیا
پرینکا گاندھی نے ایل پی جی کی قلت پر تشویش کا اظہار کیا

 



نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے شہریوں سے گھبرانے سے گریز کرنے کی اپیل کے ایک دن بعد، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح کووڈ وبا کے دوران ملک نے حالات پر قابو پایا تھا اسی طرح گھریلو گیس کے سلنڈروں کے بحران پر بھی قابو پا لیا جائے گا، کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو امید ظاہر کی کہ وزیرِ اعظم کی بات درست ہو، تاہم انہوں نے موجودہ صورتحال پر شبہ بھی ظاہر کیا۔
ملک بھر میں گیس کی کمی کی خبروں کے درمیان وزیرِ اعظم کی یقین دہانی پر ردِعمل دیتے ہوئے پرینکا گاندھی واڈرا نے صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا، “مجھے امید ہے کہ وہ درست کہہ رہے ہیں، لیکن حالات ایسے نظر نہیں آتے۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بھی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں گیس کا مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے مفادات اور توانائی کی ضروریات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
راہل گاندھی نے کہا كہ تمام ایندھن مسئلہ بننے والا ہے کیونکہ بنیادی طور پر ہماری توانائی کی سلامتی متاثر ہو چکی ہے۔ غلط خارجہ پالیسی نے یہ صورتحال پیدا کی ہے۔ اب ہمیں تیاری کرنی ہوگی۔ ابھی ہمارے پاس تھوڑا وقت باقی ہے۔ حکومت اور وزیرِ اعظم کو فوراً تیاری شروع کر دینی چاہیے، ورنہ کروڑوں لوگوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا كہ یہ مسئلہ صرف اس بات تک محدود نہیں کہ ایران ایندھن فراہم کرے گا یا نہیں۔ یہ جنگ دراصل موجودہ عالمی نظام سے جڑی ہوئی ہے۔ ہم ایک غیر مستحکم دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ ایسے وقت میں سوچ کا انداز بدلنا ضروری ہوتا ہے۔ میں حکومت سے کہہ رہا ہوں کہ اب انہیں سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے اور یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے لوگوں کو بڑا نقصان نہ ہو۔ یہ کوئی سیاسی بیان نہیں ہے۔ مجھے ایک بڑا مسئلہ سامنے آتا نظر آ رہا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ وزیرِ اعظم ملک کے وزیرِ اعظم کی طرح کام نہیں کر پا رہے کیونکہ وہ ایک جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بہرحال انہیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہندوستان کے لوگ محفوظ رہیں اور ہماری توانائی کی سلامتی برقرار رکھی جائے۔
ادھر اتحاد انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے درمیان گیس کی مبینہ کمی کے مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی پارلیمنٹ میں مائع پٹرولیم گیس کی کمی کی خبروں پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عوام کو یقین دہانی کرائی جا سکتی ہے اور اہم معاملات پر کھلی گفتگو ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ایسے مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔ حکومت کو اس بارے میں آگاہ کیا جانا چاہیے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گیس کے سلنڈروں کے لیے کتنی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ کچھ ریستورانوں نے کہا ہے کہ ان کے پاس کھانا پکانے کے لیے گیس نہیں ہے، وہ چائے تو دے سکتے ہیں لیکن ڈوسا نہیں۔ کیا اب ملک میں یہی صورتحال ہے؟ آپ جانتے ہیں کہ قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں۔ پارلیمنٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں یہ سب عوام کے سامنے رکھا جا سکتا ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ اس پر بحث ہو اور حکومت عوام کو یقین دہانی کرائے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ حکومت صرف اپنی مرضی سے ہی سب کچھ چلائے۔
دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بعد گھریلو گیس کی پیداوار میں تقریباً پچیس فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب پوری گھریلو گیس کی پیداوار کو گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔