نئی دہلی
مرکزی حکومت نے جمعہ کے روز پہلی بار ’’کیپٹاگون‘‘ نامی منشیات جسے ’’جہادی ڈرگ‘‘ بھی کہا جاتا ہے کی ضبطی کا اعلان کیا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اس منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ’منشیات سے پاک ہندوستان‘ کے عزم پر قائم ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ’آپریشن ریج پل‘ کے تحت ہماری ایجنسیوں نے پہلی بار 182 کروڑ روپے مالیت کی کیپٹاگون، یعنی نام نہاد ’جہادی ڈرگ‘ ضبط کی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ بھیجی جانے والی اس منشیات کی کھیپ پکڑنا اور ایک غیر ملکی شہری کی گرفتاری، منشیات کے خلاف ہماری زیرو ٹالرینس پالیسی کی روشن مثال ہے۔ میں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ ہم ہندوستان میں داخل ہونے یا ہمارے علاقے کو راہداری کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ملک سے باہر جانے والی منشیات کے ایک ایک گرام کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ این سی بی کے بہادر اور چوکس اہلکاروں کو سلام۔
کیپٹاگون دراصل فینیتھائلین نامی ایک مصنوعی محرک دوا کا عام نام ہے، جسے 1960 کی دہائی میں توجہ کی کمی کے امراض اور نیند کی بیماری (نارکولیپسی) کے علاج کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ تاہم، اس کی لت لگانے والی خصوصیات اور غلط استعمال کے خطرات کے باعث اس کی اصل دوا کو بعد میں عالمی سطح پر ممنوع قرار دے دیا گیا۔غیر قانونی منشیات کی منڈیوں میں دستیاب زیادہ تر کیپٹاگون گولیاں خفیہ طور پر تیار کی جاتی ہیں اور ان میں عام طور پر ایمفیٹامائن، کیفین، میتھ ایمفیٹامائن اور دیگر مصنوعی محرکات شامل ہوتے ہیں۔
یہ منشیات مشرقِ وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے بعض حصوں میں اپنے محرک اور نشہ آور اثرات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے۔ کیپٹاگون کے استعمال سے چوکنا پن اور توانائی میں اضافہ، بھوک اور تھکن میں کمی، وقتی سرشاری، طویل وقت تک جاگتے رہنے کی صلاحیت، اعتماد اور جارحیت میں اضافہ، فیصلہ سازی کی کمزوری، جذباتی و غیر محتاط رویہ، اور بار بار استعمال کی صورت میں نفسیاتی انحصار پیدا ہو سکتا ہے۔
کیپٹاگون کو اکثر ’’جہادی ڈرگ‘‘ کہا جاتا ہے کیونکہ گزشتہ برسوں میں مختلف الزامات اور انٹیلی جنس اطلاعات میں اس کے استعمال اور اسمگلنگ کو مغربی ایشیا کے شورش زدہ علاقوں میں سرگرم انتہا پسند گروہوں اور نیٹ ورکس سے جوڑا جاتا رہا ہے۔
یہ اصطلاح اس لیے مشہور ہوئی کیونکہ کہا جاتا ہے کہ اس منشیات کے محرک اثرات استعمال کرنے والوں کو طویل وقت تک جاگنے، خوف اور تھکن دبانے، جارحیت اور خطرہ مول لینے کے رجحان میں اضافہ کرنے، اور دباؤ والے حالات میں مسلسل لڑائی جیسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے قابل بناتے ہیں۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران مختلف بین الاقوامی تحقیقات اور جنگ زدہ علاقوں سے ملنے والے شواہد میں یہ بات سامنے آئی کہ کیپٹاگون گولیاں مسلح گروہوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے پاس پائی گئیں۔ اس منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والا بھاری منافع بعض علاقوں میں منظم جرائم اور انتہا پسند نیٹ ورکس کی غیر قانونی مالی معاونت کا ایک بڑا ذریعہ بھی بتایا جاتا ہے۔
کم لاگت میں تیاری اور غیر معمولی طلب کے باعث بعض علاقوں میں کیپٹاگون کو ’’غریب آدمی کا کوکین‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔بین الاقوامی ایجنسیوں نے کیپٹاگون کی تجارت کو مشرقِ وسطیٰ میں ابھرتے ہوئے سب سے بڑے مصنوعی منشیاتی خطرات میں شمار کیا ہے، جس میں خفیہ لیبارٹریاں، کیمیائی اجزاء کی غیر قانونی منتقلی، حوالہ کے ذریعے مالی لین دین، جعلی تجارتی دستاویزات، سمندری اسمگلنگ راستے، کوریئر نیٹ ورکس اور پیچیدہ خفیہ طریقہ کار شامل ہیں۔
اگرچہ اس دوا کی قانونی تیاری 1980 کی دہائی میں بند کر دی گئی تھی، لیکن اس کی غیر قانونی تیاری جاری رہی اور حالیہ برسوں میں یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں اس میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ادھر مرکزی حکومت اور وزارت داخلہ منشیات کے خلاف ہندوستان کی مہم پر مسلسل کاربند ہیں۔ 28 اپریل کو بدنام منشیات اسمگلر اور داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی محمد سلیم ڈولا کو ہندوستان لایا گیا تھا۔
اسے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے منشیات کارٹیلز کے خلاف سخت کارروائی کے مشن کے تحت ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔وزیر داخلہ امت شاہ نے اس گرفتاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انسدادِ منشیات ایجنسیوں نے عالمی ایجنسیوں کے مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے سرحدوں سے باہر تک اپنی پہنچ بنا لی ہے۔ اب چاہے منشیات کے سرغنے کہیں بھی چھپیں، ان کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں۔
ڈولا کو 25 اپریل کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب استنبول پولیس ڈپارٹمنٹ کے نارکوٹکس کرائمز ڈویژن نے ہندوستانی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک خصوصی کارروائی شروع کی تاکہ اس ہندوستانی شہری کو پکڑا جا سکے۔