کوئمبتور۔ آر جی کے نیشنل آرگنائزر اور ہندوستان جنتا پارٹی کے صدر راگھول گاندھی نے اتوار کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک عرضداشت پیش کی۔
اس عرضداشت میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے موقع پر سیاسی جماعتوں مذہبی لسانی اور ذات پات کے جھنڈے لہرانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ قومی اتحاد اور حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکے اور عوام کو تقسیم سے اوپر اٹھایا جا سکے۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے راگھول گاندھی نے کہا کہ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے دن اکثر قومی شناخت کے بجائے زبان مذہب اور ذات سے جڑے علاقائی تنازعات حاوی ہو جاتے ہیں جو ہر ریاست میں الگ الگ شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم ہی ملک کی اصل نمائندگی کی علامت ہونا چاہیے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کرناٹک کے سبرملہ سے لوگ تمل ناڈو آئے جہاں جھنڈوں سے متعلق تنازع دیکھا گیا جس سے اتحاد کو سیاسی اور مذہبی بنیاد پر گمراہ کیا گیا۔
اسی لیے ہماری عرضداشت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ قومی پرچم کو ہی اولین ترجیح دی جائے۔ راگھول گاندھی نے کہا کہ قلیل مدت میں ان کی کوشش ہے کہ یوم جمہوریہ کے دن مذہبی لسانی اور ذات پات کے جھنڈوں پر پابندی عائد کی جائے اور اس دن پورے ہندوستان میں صرف قومی پرچم ہی لہرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر وہ مدراس ہائی کورٹ میں بھی عرضی داخل کریں گے اور ممکن ہے کہ پیر یا منگل کو قانونی راستے سے اس پر کارروائی شروع کی جائے۔