پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-11-2025
پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کیا
پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کیا

 



اسلام آباد/ آواز دی وائس
وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور تحریکِ انصاف کے سینئر رہنماؤں نے عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والے تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے ڈان کو بتایا کہ سابق وزیرِاعظم بالکل ٹھیک ہیں اور ان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تاہم پی ٹی آئی نے پارٹی کے بانی رہنما سے ملاقات کی اپنی درخواست ایک بار پھر دہرائی ہے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ وہ شدید فکرمند ہیں کیونکہ عمران خان کو گزشتہ تین ہفتوں سے نہ اہلِ خانہ سے ملنے دیا گیا ہے اور نہ ہی وکلا کو رسائی دی گئی ہے۔ عمران اگست 2023 سے ایک کرپشن کیس میں 14 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں میں اہلِ خانہ اور پارٹی کارکنان نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کیا، ان کا مطالبہ تھا کہ انہیں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ آج بھی پی ٹی آئی کا ایک وفد جیل پہنچا، لیکن حکام نے ایک بار پھر رسائی دینے سے انکار کر دیا۔ سوشل میڈیا پر اس وقت افواہیں اور اندیشے اس وقت بڑھ گئے جب یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ 73 سالہ عمران خان کو ایک ہائی سکیورٹی سہولت میں منتقل کیا جا سکتا ہے، جہاں ملاقاتوں پر مزید پابندی ہوگی۔ ’’وئیر از عمران خان?‘‘ کا ہیش ٹیگ ایکس  پر ٹرینڈ کرتا رہا۔ وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے کوئی جواب جاری نہیں کیا۔
وزیرِاعظم کے مشیر نے کہا کہ عمران کی صحت سے متعلق تشویش بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل غلط بات ہے۔ ان کی صحت ٹھیک ہے اور مناسب طور پر خیال رکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹرز کی ایک ٹیم روزانہ اور ہفتہ وار بنیادوں پر ان کی دوائیں، خوراک، سہولیات اور ورزش تک سب چیزوں کا خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ان کے منصب کے مطابق تمام سہولیات مل رہی ہیں اور منتقلی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی ممکنہ منتقلی سے پہلے عدالت کو آگاہ کرنا لازمی ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے ان خدشات کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ یہ خبریں غلط ثابت ہوئیں، مگر اس کے بعد تو حکومت کے لیے اور بھی ضروری ہو گیا ہے کہ ہمیں فوراً ملاقات کی اجازت دے تاکہ ہم خود دیکھ کر سب کو یقین دلا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے یہ مسئلہ سینیٹ میں بھی اٹھایا ہے اور وزیرِمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ملاقات لازمی ہے۔ ایک مہینہ ہو چکا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات وقاص اکرم نے بتایا کہ عمران خان سے متعلق گردش کرنے والے کئی گمراہ کن بیانیوں کو رد کر دیا گیا ہے اور زور دیا کہ حکومت عمران خان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔   وزیرِمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ جیل حکام پہلے ہی عمران خان کی حالت سے متعلق معلومات شیئر کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ رپورٹس مکمل طور پر غلط ہیں، ان پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ یہ جان بوجھ کر پھیلائی جاتی ہیں… یہ غلط ہے؛ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما پہلے بھی عمران خان کی عمر اور ان کے حبسِ بے جا کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے رہے ہیں۔ عمران کے چھوٹے بیٹے، قاسم خان نے پہلے کی اپنی پوسٹس میں کہا تھا کہ ان کے والد کو انتہائی خراب حالات‘‘ میں رکھا جا رہا ہے جو ’’لمحہ بہ لمحہ بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔
ایکس  پر اپنی تازہ پوسٹ میں انہوں نے یہ خدشات دہرائے، چھ ہفتوں سے انہیں (عمران کو) مکمل تنہائی میں ایک ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، اور شفافیت صفر ہے۔ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود ان کی بہنوں کو ہر ملاقات سے محروم رکھا گیا ہے۔ کوئی فون کال نہیں، کوئی ملاقات نہیں اور نہ زندگی کی کوئی تصدیق۔ میں اور میرا بھائی اپنے والد سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کر سکے۔
قاسم نے کہا کہ ’’یہ مکمل بلیک آؤٹ‘‘ سکیورٹی پروسیجر نہیں بلکہ ایک جان بوجھ کر کیا گیا عمل‘‘ ہے تاکہ ان کے والد کی حالت چھپائی جا سکے اور اہلِ خانہ یہ نہ جان سکیں کہ وہ محفوظ ہیں یا نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ میں بین الاقوامی برادری، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور ہر جمہوری آواز سے اپیل کرتا ہوں کہ فوری مداخلت کریں۔ عمران خان کی زندگی کا ثبوت طلب کریں، عدالت کے احکامات کے مطابق رسائی یقینی بنائیں، اس غیر انسانی تنہائی کو ختم کرائیں اور اُس رہنما کی رہائی کا مطالبہ کریں جو صرف سیاسی بنیادوں پر قید رکھا گیا ہے۔