بلاسپور : ہماچل پردیش کے ضلع بلاسپور کے جھنڈوتہ اسمبلی حلقے کے بالوگھاٹ علاقے میں منگل کی شام لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک نجی بس دب گئی، جس میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ امدادی ٹیمیں اب بھی ایک لاپتہ بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ مکند اگنی ہوتری نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہماچل پردیش میں ایک نجی بس حادثے کا شکار ہوئی ہے۔ 15 افراد کی موت ہو گئی ہے، دو بچے محفوظ ہیں، جبکہ ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔ حادثہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیش آیا، جب مٹی اور پتھر اچانک بس پر آگرے اور اسے کچل دیا۔‘‘
بلاسپور کے ایس پی سندیپ دھاول نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے دو بچوں کو بچا لیا گیا، جبکہ آٹھ سالہ ایک بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا، ’’حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ہوم گارڈز اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقامی لوگوں نے بھی بڑی ہمت دکھائی اور دو بچوں کی جان بچائی۔ تقریباً 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی بڑی وجہ گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش ہے۔‘‘
حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھاری بارش کے بعد پہاڑ سے ملبہ گرنے لگا اور وہ سیدھا مسافروں سے بھری بس پر آ گرا۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 9 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ زخمی دو بچوں کو علاج کے لیے ایمس بلاسپور منتقل کیا گیا ہے۔
ایس پی دھاول نے بتایا، ’’نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کی ٹیم بھی موقع پر موجود ہے، اور سرچ آپریشن میں سونگھنے والے کتوں کی مدد لی جا رہی ہے۔ مزید ہلاکتوں کا امکان کم ہے۔‘‘
ہلاک شدگان میں جن کی شناخت ہوئی ہے ان میں راج نیش کمار (34)، شریف خان (25)، چنی لال (46)، راجیف عرف سونو، کرشن لال، اور نریندر شرما شامل ہیں۔
ہماچل روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بورڈ ممبر سندیپ سنکیان نے بتایا کہ ’’اب تک 15 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں 9 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔‘‘
نائب وزیر اعلیٰ اگنی ہوتری نے کہا کہ ’’تقریباً 18 افراد کو بچا لیا گیا ہے، جن میں سے تین کو ایمس بلاسپور میں داخل کیا گیا ہے۔ میں خود جائے حادثہ پر جا کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھھو نے بھی گہری افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔‘‘
انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے اور علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وہ شملہ سے خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور بلاسپور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
حکام کے مطابق جائے حادثہ پر بھاری مشینری تعینات کر دی گئی ہے، اور ملبہ صاف کرنے کا کام جاری ہے، حالانکہ علاقے میں بارش اور دشوار گزار زمین کی وجہ سے امدادی کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔