شملہ: ہماچل پردیش کے ضلع چمبا میں جاری سالانہ منی مہیش یاترا اس برس شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے، جہاں کم از کم 10 یاتری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 4 لاپتہ ہیں اور 7 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔ ریاستی آفاتِ انتظامی اتھارٹی (SDMA) کے مطابق بھاری بارشوں، لینڈ سلائیڈ اور خراب موسم نے یاترا کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
شملہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہماچل پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے خصوصی سیکریٹری ڈی سی رانا نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF)، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) اور مقامی کوہستانی ریسکیو ٹیمیں لاپتہ یاتریوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رانا نے کہا، ’’مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈ نے بھرمور اور چمبا کے درمیان سڑک رابطہ بند کر دیا، جس کے باعث یاتری پہاڑی راستوں اور ندیوں کے کنارے پھنس گئے۔ جیسے ہی موسم بہتر ہوا، ریسکیو ٹیموں نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر کے یاتریوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔ اب تک تقریباً 6 ہزار یاتریوں کو ریسکیو کر کے چمبا منتقل کیا جا چکا ہے۔‘‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمزور اور بیمار یاتریوں کو نکالا گیا، جن میں سے کئی کا علاج چمبا میڈیکل کالج میں جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چمبا-پٹھانکوٹ ہائی وے بحال کر دیا گیا ہے اور موبائل رابطہ بھی جزوی طور پر بحال ہوا ہے، تاہم چمبا-بھرمور روٹ پر اب بھی متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈ کی رکاوٹ موجود ہے۔ ’’جہاں سڑکیں کھل گئی ہیں وہاں بسیں چلائی جا رہی ہیں، اور جہاں سڑکیں اب بھی بند ہیں وہاں یاتریوں کو پیدل راستوں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے،‘‘ رانا نے کہا۔
#WATCH | Chamba, Himachal Pradesh: Manimahesh Yatra temporarily suspended due to bad weather. pic.twitter.com/FIbarqXwnG
— ANI (@ANI) August 30, 2025
یاترا کے راستے میں لنگر کمیٹیوں، مقامی ہوٹلوں اور پولیس کی مدد سے کھانے پینے اور رہائش کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ اضافی RTRF ٹیمیں بھیجے گئے ہیں تاکہ پیدل راستوں پر پھنسے یاتریوں کو نکالا جا سکے۔ رانا نے بتایا کہ اس سال اب تک ہماچل پردیش میں بارش سے متعلقہ آفات میں 164 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ 40 لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ 153 افراد سڑک حادثات میں جان گنوا چکے ہیں۔
’’منی مہیش یاترا کے دوران زیادہ تر اموات آکسیجن کی کمی اور ہائپو تھرمیا کی وجہ سے ہوئیں،‘‘ انہوں نے کہا۔ 24 سے 26 اگست کے درمیان چمبا، کانگڑا اور لاہول-اسپیتی اضلاع میں بھاری بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ SDMA کے مطابق ریاست میں کل نقصان کا تخمینہ تقریباً 2,700 کروڑ روپے ہے۔ روایتی طور پر یاترا کل (اتوار) کو باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھیو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ راحتی کارروائیوں کی نگرانی کر سکیں۔