ہماچل پردیش: بم کی دھمکی ،اسکولوں میں خوف وہراس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2026
ہماچل پردیش: بم کی دھمکی ،اسکولوں میں خوف وہراس
ہماچل پردیش: بم کی دھمکی ،اسکولوں میں خوف وہراس

 



شملہ (ہماچل پردیش): پیر کے روز شملہ میں متعدد اسکولوں کو اُس وقت خالی کرا لیا گیا جب انہیں ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی، جس سے تعلیمی اداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق کئی اسکولوں کو ایک جیسی ای میلز موصول ہوئیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسکول کی عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد تمام اسکولوں کو خالی کرا لیا گیا اور مکمل تلاشی کا عمل شروع کیا گیا۔ پولیس نے بعد میں تصدیق کی کہ کسی بھی اسکول سے کوئی مشتبہ یا دھماکہ خیز چیز برآمد نہیں ہوئی۔ اس دوران والدین کو بھی اطلاع دی گئی، جس پر کئی والدین گھبرا کر اسکول پہنچ گئے اور اپنے بچوں کو واپس لے گئے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے احتیاطی طور پر تلاشی اور مشقیں بھی کیں۔ شملہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گراؤرَو سنگھ کے مطابق دھمکی آمیز ای میل کے سورس کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ای میل میں بھیجنے والے کی کوئی شناخت یا تفصیلات شامل نہیں تھیں۔