شملہ (ہماچل پردیش) :ہماچل پردیش میں جاری مانسون سیزن نے 20 جون سے اب تک 310 جانیں لے لی ہیں، جن میں سے 158 اموات بارش سے جڑی آفات جیسے کہ لینڈ سلائیڈ، اچانک سیلاب، بادل پھٹنا، ڈوبنا، کرنٹ لگنا اور دیگر موسم سے وابستہ حادثات کے باعث ہوئیں، جبکہ 152 اموات سڑک حادثات میں ہوئیں۔ یہ اعداد و شمار ریاستی آفات انتظامیہ اتھارٹی(SDMA) نے جاری کیے ہیں۔
20 جون سے 27 اگست تک کی مجموعی رپورٹ کے مطابق 369 افراد زخمی اور 38 لاپتہ ہیں۔ شدید بارشوں نے مویشیوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے، 1,852 جانور اور 25,755 پولٹری پرندے ہلاک ہوئے۔
سرکاری اور نجی املاک کو بھی بھاری نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سرکاری انفراسٹرکچر جیسے سڑکیں، پانی کی فراہمی اور بجلی کی لائنوں کو 2,44,000 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے، جبکہ گھروں، دکانوں، گائے کے باڑوں اور فصلوں جیسی نجی املاک کو 18,000 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ یوں مجموعی نقصان کا تخمینہ 2,62,336.38 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
سب سے زیادہ نقصان منڈی ضلع میں ہوا ہے، جہاں 51 افراد جان کی بازی ہار گئے (29 بارش سے متعلق حادثات میں اور 22 سڑک حادثات میں)، جبکہ گھروں، زراعت اور بجلی کے ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ کانگڑا میں 49، چمبا میں 36 اور شملہ میں 28 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
SDMA رپورٹ کے مطابق 158 بارش سے متعلق اموات کی وجوہات میں 33 ڈوبنے، 17 بادل پھٹنے، 12 کرنٹ لگنے، 10 لینڈ سلائیڈز، جبکہ باقی اچانک سیلاب، سانپ کے کاٹنے اور گرنے کے باعث ہوئیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ستمبر میں موسم مزید خراب ہوا تو ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بار بار لینڈ سلائیڈز اور غیر مستحکم ڈھلوانوں کے باعث اہم انفراسٹرکچر کی بحالی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، خاص طور پر کلو، منڈی اور کینور اضلاع میں۔
شدید بارشوں نے ریاست بھر میں سڑکوں کی آمدورفت، بجلی کی فراہمی اور پینے کے پانی کے منصوبے بھی بری طرح متاثر کیے ہیں۔
بدھ کی شام تکSDMA کے مطابق 582 سڑکیں، جن میں دو قومی شاہراہیں بھی شامل ہیں، بند تھیں، 1,155 بجلی کے ٹرانسفارمر متاثر تھے اور 346 پانی کی سپلائی اسکیمیں معطل تھیں۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر(SEOC) کی رپورٹ کے مطابق مسلسل بارشوں نے بحالی کے کام کو متاثر کیا ہے، اور کلو، منڈی، کانگڑا اور شملہ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔ صرف کلو ضلع میں ہی 166 سڑکیں بند ہوئیں، جن میںNH-03 اورNH-305 بھی شامل ہیں۔
بجلی کی فراہمی سب سے زیادہ منڈی (295 ٹرانسفارمر متاثر) اور کلو (841 ٹرانسفارمر متاثر، جن میں لوگ ویلی، منی کرن اور لر جی علاقے شامل ہیں) میں متاثر ہوئی۔ پانی کی فراہمی کی اسکیمیں بھی کلو (88 متاثر) اور منڈی (64 متاثر) میں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، جس کے باعث ہزاروں افراد پینے کے پانی سے محروم ہیں۔
SDMA نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی وارننگ کے پیش نظر عوامی سہولیات میں مزید تعطل اور جانی نقصان کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اہم خدمات کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے اور پھنسے ہوئے شہریوں اور مسافروں کے لیے ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی جائیں۔