سلمان خورشید کی کتاب پر پابندی لگانے سے ہائی کورٹ کاانکار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2021
سلمان خورشید کی کتاب پر پابندی لگانے سے ہائی کورٹ کاانکار
سلمان خورشید کی کتاب پر پابندی لگانے سے ہائی کورٹ کاانکار

 

 

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب 'سن رائز اوور ایودھیا' کی اشاعت اور فروخت پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا ہے۔

جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ کے جج نے عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'لوگوں سے کہیں کہ کتابیں نہ خریدیں اور نہ پڑھیں'۔

غور طلب ہے کہ دہلی ہائی کورٹ کے وکیل ونیت جندال نے اپنے وکیل راج کشور چودھری کے ذریعے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کی لکھی کتاب 'سن رائز اوور ایودھیا' کی اشاعت اور فروخت کو لے کر عرضی دائر کی تھی۔

درخواست گزار نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ سلمان خورشید نے اپنی کتاب میں ہندوتوا کا موازنہ سخت گیر دہشت گرد تنظیم داعش اور بوکو حرام جیسے گروپوں سے کیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مصنف کی کتاب میں لکھی تحریروں سے ایسا لگتا ہے کہ ہندو مذہب کو داعش اور بوکو حرام سے تشبیہ دی گئی ہے۔ اس سے ملک کے کروڑوں ہندوؤں کے ایمان اور مقدس جذبے کو ٹھیس پہنچی ہے۔

دوسری جانب دوسرے درخواست گزار ہندو سینا کے صدر وشنو گپتا نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں دائر درخواست میں الزام لگایا ہے کہ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کی یہ کتاب نہ صرف ہندوؤں کے جذبات کو بھڑکا رہی ہے بلکہ ہندوؤں کے لوگوں کی بڑی تعداد کو بھی اس سے متاثر کیا جا رہا ہے۔

اس سے مذہبی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچتی ہے۔ کتاب کے باب 60 کے صفحہ نمبر 113 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خورشید نے ہندوتوا کا موازنہ دہشت گرد تنظیموں آئی ایس اور بوکو حرام سے کیا ہے۔ اس طرح کے بیان سے کروڑوں ہندوؤں کے سماجی اتحاد اور جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔