ترواننت پورم
کیرالہ میں مانسون کی آمد قریب آنے کے ساتھ ہی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کے روز ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے پیشِ نظر چار اضلاع کے لیے شام کے وقت اورنج الرٹ جاری کر دیا۔آئی ایم ڈی نے تھریشور، کولم، کوٹایم اور ادوکی اضلاع میں شام 4 بجے سے تین گھنٹوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
اورنج الرٹ کا مطلب 11 سے 20 سینٹی میٹر تک انتہائی شدید بارش کا امکان ہوتا ہے۔محکمہ کے مطابق ان اضلاع میں ایک یا دو مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ ترواننت پورم، پتنم تھٹا، الاپّوزھا، ارناکولم، پالکّڈ، ملاپورم، کوژیکوڈ، وایناڈ اور کنّور اضلاع میں بھی ایک یا دو مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور تقریباً 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے حال ہی میں پیش گوئی کی تھی کہ 27 مئی تک کیرالہ کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 28 مئی سے 3 جون کے درمیان کیرالہ کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔