شملہ: ہماچل پردیش میں ہفتہ کے روز درمیانی سے شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پل گرنے اور سیلابی صورتحال نے معمولات زندگی متاثر کر دیے۔ شملہ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، سنگلا میں گزشتہ سال نصب کیا گیا بیلی پل منہدم ہو گیا، جبکہ ضلع کنور میں سیلابی پانی ایک منزلہ مکان میں داخل ہو گیا اور متعدد دیگر مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا۔
حکام کے مطابق شملہ شہر کے بوتھ ویل علاقے میں سنجولی کالج کے قریب سڑک کے نیچے قائم حفاظتی دیوار علی الصبح منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ملبہ نیچے واقع رہائشی مکانات کی جانب جا گرا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے اس علاقے میں ایک نجی تعمیراتی منصوبے کی اجازت دی تھی، جس کے تحت کھدائی کی گئی۔ مسلسل بارشوں کے باعث زمین غیر مستحکم ہو گئی اور لینڈ سلائیڈنگ پیش آئی۔
رہائشیوں نے تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے اور پورے علاقے کا ارضیاتی معائنہ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تین سے چار عمارتیں خطرے کی زد میں ہیں، جبکہ چند گھروں تک جانے والا راستہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔ اسی مقام پر جون 2025 میں بھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی، جس میں پہاڑی سے مٹی اور چٹانیں نیچے واقع گھروں پر آ گری تھیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بار بار لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کی وجہ سے وہ خوف و ہراس میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ہفتہ کو شملہ کے مضافاتی علاقے موہل راجہانہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جہاں بڑے پتھروں، چٹانوں اور ملبے تلے دو کھڑی گاڑیاں دب گئیں۔
ضلع کنور میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث لپّا نالے میں طغیانی آ گئی، جس سے لپّا بس اسٹینڈ کے قریب واقع ایک منزلہ مکان زیر آب آ گیا، جبکہ کئی دیگر مکانات کو بھی سیلاب کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ شدید سیلابی ریلے کے باعث بس اسٹینڈ کے قریب زمین کا کٹاؤ ہو رہا ہے، جس سے سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ادھر سنگلا بس اسٹینڈ کے قریب واقع بیلی پل ٹونگ ٹونگچے نالے میں گر گیا۔
انتظامیہ نے جمعہ کے روز ہی اس پل کو غیر محفوظ قرار دیا تھا۔ یہ پل گزشتہ سال نصب کیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور متاثرہ علاقوں سے دور رہیں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے انتہائی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعہ کی شام سے ناہن میں 158.9 ملی میٹر، سولن میں 80.2 ملی میٹر، ناگروٹا سوریان میں 62.5 ملی میٹر، گولر میں 56.3 ملی میٹر، دھولاکواں میں 55 ملی میٹر، نارکنڈا میں 54.5 ملی میٹر، کفری میں 48.5 ملی میٹر، سینج میں 48 ملی میٹر، شملہ میں 37.5 ملی میٹر، مشوبرا میں 36.5 ملی میٹر، سراہن میں 35.3 ملی میٹر اور بھونتر میں 23.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔