نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی دارالحکومت دہلی اور این سی آر کے موسم میں خاصی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔ دوپہر تک سورج چمک رہا تھا، لیکن سہ پہر تین بجے کے بعد تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ دہلی، نوئیڈا اور این سی آر کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا۔
دہلی کے کئی علاقوں میں ژالہ باری
ہفتے کے روز دوپہر تقریباً تین بجے نوئیڈا اور آس پاس کے علاقوں میں تیز آندھی چلی اور اس کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ دہلی کے کئی علاقوں میں ژالہ باری (اولے پڑنے) کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس سے پہلے دہلی-این سی آر شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا اور دن کا درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے بھی تجاوز کر گیا تھا۔
یوپی اور پنجاب میں درجہ حرارت 45 کے پار
ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سائنسدان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا، ’’شمال مغربی ہندوستان کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔ راجستھان، اتر پردیش اور پنجاب جیسے ریاستوں میں بھی درجہ حرارت 45 ڈگری کے پار جا رہا ہے۔‘
راجستھان کے کئی علاقوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی
انہوں نے مزید کہا، ’’ہماری پیش گوئی ہے کہ اگلے 4 سے 5 دنوں تک راجستھان کے کچھ علاقوں میں لو (ہیٹ ویو) چلے گی۔ اتر پردیش میں بھی اگلے 3 سے 4 دنوں تک لو جاری رہنے کا امکان ہے۔ گرمی کے پیش نظر دہلی میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ 20 مئی کے بعد، 21 یا 22 مئی کو دہلی میں ہلکی بارش ہونے کی امید ہے۔