نئی دہلی
بھارت کے محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی حصوں میں ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) کا الرٹ جاری کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ خشک اور شدید گرم حالات کم از کم ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے سائنسدان اکلیش شریواستو نے کہا کہ آج شمال مغربی ہندوستان، وسطی ہندوستان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہیٹ ویو کے حالات متوقع ہیں۔ یہ صورتحال آئندہ ایک ہفتے یعنی اگلے 7 دن تک جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے ریاستوں کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، اور مہاراشٹر کے ودربھ، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ علاقوں کے لیے ہیٹ ویو وارننگ جاری کی گئی ہے۔انہوں نے بعض علاقوں میں شدت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی راجستھان اور مغربی اتر پردیش میں ‘گرم رات’ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے باعث اورنج الرٹ بھی نافذ کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش اور ودربھ میں شدید ہیٹ ویو کے حالات ہو سکتے ہیں، جس کے لیے بھی اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں نمی والی گرمی کے بارے میں بھی خبردار کیا کہ اوڈیشہ میں اگلے 3 سے 4 دنوں تک گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش میں بھی آئندہ 3 سے 4 دنوں میں ہیٹ ویو کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔نئی دہلی اور قومی دارالحکومت خطے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت پہلے ہی زیادہ ہے اور مزید بڑھنے کا امکان ہے کہ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ ہمارا اندازہ ہے کہ اگلے ایک ہفتے تک دہلی میں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔ اگلے 3 دنوں میں یہ 45 ڈگری تک بھی جا سکتا ہے، اور کچھ علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال بھی ہو سکتی ہے۔ دہلی کے لیے اگلے دو دنوں کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بارش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شمال مغربی ہندوستان میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا جس سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ تاہم کیرالہ، کرناٹک اور تمل ناڈو میں بارش کا امکان ہے۔ کیرالہ کے لیے شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ کرناٹک میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ شمال مشرقی ہندوستان میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔