چنئی
محکمۂ موسمیات کے مطابق درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہنے اور زیادہ نمی کے باعث 5 مئی تک تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر سے تکلیف دہ حالات پیدا ہونے کا امکان ہے۔چنئی کے ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر کی جانب سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے چنئی (مینمبکم)، ایروڈ، کرور، ناگاپٹنم اور ویلور اضلاع میں درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح چنئی (نونگمبکم)، کوئمبتور، کڈلور، دھرم پوری، کنیا کماری، کاری کال، ڈنڈیگل، مدورئی، پڈوچیری، سیلم اور تریچی اضلاع میں بھی درجۂ حرارت 1.6 سے 3 ڈگری سیلسیس تک زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جمعہ کے روز تمل ناڈو میں سب سے زیادہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ویلور میں 42.4 ڈگری سیلسیس (108.32 فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں اُدھاگامندلم میں کم سے کم درجۂ حرارت 12.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ 15 سے زائد اضلاع میں درجۂ حرارت 100 فارن ہائیٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔محکمۂ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ ہفتہ سے 4 مئی تک نیلگیریس، تھینی، ایروڈ، سیلم، نامکل اور ڈنڈیگل اضلاع کے بعض مقامات پر گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترو نیلویلی کے اوتو علاقے میں سب سے زیادہ 8 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔