توہین عدالت کیس : ہائی کورٹ نے کیجریوال، سسودیا سے جواب طلب کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-05-2026
توہین عدالت کیس : ہائی کورٹ نے کیجریوال، سسودیا سے جواب طلب کیا
توہین عدالت کیس : ہائی کورٹ نے کیجریوال، سسودیا سے جواب طلب کیا

 



نئی دہلی
دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں اروند کیجریوال، منیش سسودیا، درگیش پاٹھک، سنجے سنگھ، سوربھ بھردواج اور دیگر سے ایک فوجداری توہینِ عدالت مقدمے میں ان کا مؤقف طلب کیا۔ یہ مقدمہ جسٹس سورنا کانتا شرما کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر "بدنام کرنے والی" پوسٹس کے سلسلے میں شروع کیا گیا ہے۔
جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس رویندر دودیجا پر مشتمل بنچ نے سیاست دانوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ازخود شروع کیے گئے توہینِ عدالت مقدمے میں چار ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کی مہلت دی۔
بنچ نے کہا کہ نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ مبینہ توہینِ عدالت کے مرتکبین نوٹس موصول ہونے کے چار ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کریں گے۔" عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 4 اگست کی تاریخ مقرر کی۔جسٹس سورنا کانتا شرما نے 14 مئی کو اروند کیجریوال، منیش سسودیا اور دیگر عام آدمی پارٹی رہنماؤں کے خلاف فوجداری توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی تھی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایکسائز پالیسی معاملے سے متعلق جج کے خلاف سوشل میڈیا پر "بدنامی پر مبنی" مہم چلائی۔
جسٹس شرما نے کہا تھا کہ دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ نے قانونی راستہ اختیار کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک منظم مہم چلائی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام ملزمان کو بری کیے جانے کے خلاف سی بی آئی کی عرضی اب کسی دوسرے بنچ کے سامنے سنی جائے گی۔جج نے ان سوشل میڈیا پوسٹس پر سخت اعتراض ظاہر کیا جن میں ان سے مبینہ طور پر "سیاسی وابستگی" جوڑی گئی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ وارانسی کے ایک تعلیمی ادارے میں دی گئی ان کی تقریر کی ایک "ترمیم شدہ" اور گمراہ کن ویڈیو بھی پھیلائی گئی۔
انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ عدالتی کارروائی کے ویڈیو کلپس بڑے پیمانے پر پھیلائے گئے، اور مبینہ توہینِ عدالت کے مرتکبین ایک "متوازی بیانیہ" قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جسٹس شرما نے کہا کہ "خاموش رہنا عدالتی تحمل نہیں بلکہ ایک طاقتور فریق کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہوگا۔27 فروری کو ٹرائل کورٹ نے شراب پالیسی معاملے میں اروند کیجریوال، منیش سسودیا اور 21 دیگر افراد کو بری کر دیا تھا۔
 عدالت نے کہا تھا کہ یہ مقدمہ عدالتی جانچ میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا اور پوری طرح ناقابلِ اعتبار ہے۔20 اپریل کو جسٹس شرما نے اس مقدمے میں خود کو سماعت سے الگ کرنے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ اس کے بعد اروند کیجریوال، منیش سسودیا اور درگیش پاٹھک نے جسٹس شرما کو خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے ان کی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے اور "مہاتما گاندھی کے ستیہ گرہ" کے راستے پر چلیں گے۔