لکھنؤ
عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ ان کے پاس ایودھیا کے رام مندر سے متعلق مبینہ "زمین گھوٹالے" کے شواہد موجود ہیں اور وہ یہ تمام دستاویزات چندہ خردبردی معاملے کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش کریں گے۔
سنجے سنگھ نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس زمین گھوٹالے سے متعلق بہت سے ثبوت ہیں اور میں یہ تمام دستاویزات ایس آئی ٹی کے سامنے پیش کروں گا۔ اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ اب تک کارروائی ہو جانی چاہیے تھی۔ایس آئی ٹی کو لکھے گئے اپنے خط میں سنجے سنگھ نے کہا کہ مبینہ چندہ خردبردی کے معاملے نے ملک بھر کے کروڑوں ہندو عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ میں آپ کی توجہ اس جانب دلانا چاہتا ہوں کہ ایودھیا میں بھگوان شری رام مندر کا انتظام سنبھالنے والے ٹرسٹ کی جانب سے کیے گئے مبینہ گھوٹالوں نے ملک بھر کے کروڑوں ہندوؤں کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حال ہی میں چندہ پیٹی سے کروڑوں روپے کی مبینہ چوری کے معاملے میں ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری چمپت رائے، انیل مشرا، گوپال راؤ، ٹنّو یادو اور دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ یہ کوئی معمولی چوری کا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی بھگوان شری رام کے نام پر خریدی گئی زمین سے متعلق کروڑوں روپے کا گھوٹالہ ہو چکا ہے، جس کے ثبوت میں پہلے ہی انتظامیہ اور میڈیا کے سامنے پیش کر چکا ہوں، لیکن حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے اراکین کی جانب سے زمین خریداری میں بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے۔خط میں کہا گیا کہ سال 2021 میں ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری چمپت رائے نے سلطان انصاری اور روی موہن تیواری سے دو کروڑ روپے مالیت کی زمین 18.5 کروڑ روپے میں خریدی۔ میں نے اس سلسلے میں ایودھیا کوتوالی تھانے میں شکایت درج کرائی تھی، لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اسی طرح تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کی زمین مہنت مرلی داس سے تقریباً 24 کروڑ روپے میں اور 9 کروڑ روپے مالیت کی زمین آلوک بنسل سے تقریباً 55.5 کروڑ روپے میں خریدی گئی۔ اس کے علاوہ میرے پاس زمین کے کئی دیگر سودوں سے متعلق دستاویزات بھی موجود ہیں جن میں ٹرسٹ کے اندر بدعنوانی کے کافی شواہد ہیں۔
اس سے قبل اپنی جنتا پارٹی کے صدر سوامی پرساد موریہ نے بھی چمپت رائے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے میں اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔موریہ نے کہا کہ ایف آئی آر کے بغیر پولیس تحقیقات مناسب نہیں ہیں۔ جب پورا رام مندر چمپت رائے کی نگرانی میں چل رہا ہے اور ان کی ہدایت پر کام کرنے والے لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں تو کیا چمپت رائے قصوروار نہیں ہیں؟ کیا یوگی حکومت چمپت رائے کے خلاف کارروائی کرنے کی ہمت رکھتی ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس سنگین گناہ پر پردہ ڈالنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ کروڑوں روپے کی خردبرد ہوئی، نذرانے میں دیے گئے سونا اور چاندی غائب ہو گئے، ہیرے بھی لاپتہ ہو گئے۔ رام کے نام پر لوٹ مار ان کی پہچان بن چکی ہے اور اس کی واضح مثال ایودھیا میں دیکھی گئی، جو عقیدے پر سب سے بڑا ضرب ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اتر پردیش کے نائب وزیرِ اعلیٰ بریجیش پاٹھک نے کہا کہ قصورواروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رام للا ہماری عقیدت کا مرکز ہیں، اور ایسی مقدس جگہ کے بارے میں مسلسل بیانات دینا، جہاں جانے کی آپ نے آج تک ہمت نہیں کی، غلط ہے۔ جو بھی قصوروار ہوگا، اسے بخشا نہیں جائے گا۔ رام للا کی نگاہ سے کوئی نہیں بچ سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سماجوادی پارٹی سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز سنے اور سمجھے کہ وہ ملک اور ریاست کے لیے کیا چاہتی ہے۔ آج اتر پردیش ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔ قانون و انتظام کی صورتحال بہت اچھی ہے، بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہے اور ریاست کے لوگوں کی فی کس آمدنی تین گنا بڑھ چکی ہے۔ آپ ایک بیمار ریاست چھوڑ کر گئے تھے اور ریاست کے عوام آپ کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔
ادھر تین رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ اتر پردیش کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) سنجے پرساد کو پیش کر چکی ہے۔ایس آئی ٹی کے رکن وجے وشواس پنت نے کہا کہ رپورٹ کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔یہ معاملہ ایودھیا سے سابق سماجوادی پارٹی رکنِ اسمبلی پون پانڈے کے ان الزامات کے بعد سامنے آیا تھا، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رام مندر کے چندے میں سے 7 سے 7.5 کروڑ روپے کی خردبرد کی گئی ہے۔