چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
ہریانہ پولیس نے جمعہ کے روز جرائم اور مجرموں کے خلاف جاری ریاست گیر مہم ’آپریشن ہاٹ اسپاٹ ڈومینیشن‘ کے تحت بیک وقت 900 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 156 ملزمان کو گرفتار کیا، 60 نئی ایف آئی آر درج کیں، 44 مفرور اور خطرناک مجرموں کو پکڑا اور اسلحہ ایکٹ کے تحت 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ہریانہ پولیس کے مطابق دادری میں پولیس نے 3 کلو چاندی، 22 گرام سونا اور تقریباً 8 لاکھ روپے مالیت کے زیورات ضبط کیے۔ اس کے علاوہ ایک کار اور موبائل فون بھی ملزمان سے برآمد کیے گئے۔ نوح میں پولیس نے 1.50 لاکھ روپے نقد اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی۔ پوری ریاست میں مختلف مقدمات کے دوران مجموعی طور پر 10,12,400 روپے نقد ضبط کیے گئے۔ اس کے علاوہ جوئے کے خلاف کارروائی کے دوران 90 ہزار روپے بھی ضبط کیے گئے۔
گروگرام میں ہریانہ پولیس نے صرف اسی شہر سے 17 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا۔ 55 ہاٹ اسپاٹس پر تلاشی مہم کے دوران پولیس نے 7 موٹر سائیکلیں اور ایک اسکوٹی ضبط کی۔ فرید آباد اور سونی پت میں بالترتیب چار خطرناک مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات کے خلاف کارروائی کے تحت فرید آباد سے 3.5 کلو گانجا برآمد کیا گیا۔ امبالہ میں پولیس نے چار موبائل فون، ایک چاندی کی چین، ایک انگوٹھی، پائل اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی، جبکہ سونی پت میں ایک بس اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی گئی۔ مجموعی طور پر ریاست بھر میں مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی 11 موٹر سائیکلیں، ایک بس، ایک اسکوٹی اور ایک کار ضبط کی گئیں۔
غیر قانونی شراب اور منشیات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 3.87 کلو گانجا، 163 گرام ہیروئن، 22 گرام چرس، غیر ملکی شراب کی 52 بوتلیں، دیسی شراب کی 399 بوتلیں اور 50 لیٹر کچی شراب برآمد کی۔ تکنیکی تجزیے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر صفیدوں سٹی پولیس نے ایک ایسے مفرور ملزم کو گرفتار کیا جو پہلے دفعہ 302 (قتل) کے مقدمے میں ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ پانی پت میں انڈسٹریل سیکٹر-29 اور اسرانہ تھانوں کی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر چھاپے مار کر تین ملزمان کو 32 بوتل غیر قانونی شراب اور نقد رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
پولیس نے ایکسائز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔