چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار، جنہوں نے مبینہ طور پر 7 اکتوبر کو چنڈی گڑھ کے سیکٹر 24 میں واقع اپنے سرکاری رہائش گاہ پر خودکشی کر لی تھی، کے اہلِ خانہ نے ان کی پوسٹ مارٹم جانچ کے لیے رضامندی دے دی ہے۔ ایک بیان میں متوفی افسر کی اہلیہ اور آئی اے ایس افسر امنیت پی کمار نے کہا کہ یو ٹی پولیس کی جانب سے منصفانہ، شفاف اور غیر جانب دارانہ تفتیش کی یقین دہانی، اور حکومتِ ہریانہ کی طرف سے قانون کے مطابق کسی بھی قصوروار اہلکار کے خلاف مناسب کارروائی کے عزم کے پیش نظر، میں نے آئی پی ایس وائی پورن کمار کے پوسٹ مارٹم کے لیے اپنی رضامندی دے دی ہے۔
ثبوتوں کے اعتبار سے بروقت پوسٹ مارٹم کی اہمیت اور انصاف کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے، میں نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اس عمل کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی ہے — یہ جانچ مقررہ ڈاکٹروں کے بورڈ کے ذریعے، ایک بیلسٹک ماہر کی موجودگی میں، مجسٹریٹ کی نگرانی میں، اور مکمل عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ انجام دی جائے گی تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
اس سے قبل، چنڈی گڑھ کی ایک عدالت نے افسر کی اہلیہ، آئی اے ایس امنیت پی کمار، کو ہدایت دی تھی کہ وہ پوسٹ مارٹم کے لیے اپنے مرحوم شوہر کی لاش کی شناخت کے سلسلے میں اپنا جواب داخل کریں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، یہ حکم جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس رمندر کول نے 14 اکتوبر کو جاری کیا تھا، جو ایف آئی آر نمبر 156 (مورخہ 9 اکتوبر) سے متعلق ہے۔ یہ مقدمہ "بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023" کی دفعات 108 اور 3(5)، کے ساتھ ساتھ "شیڈیولڈ کاسٹس اینڈ شیڈیولڈ ٹرائبز (انسدادِ مظالم) ایکٹ" کی دفعات 3(1)(آر ) اور 3(2)(وی) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ کیس کی تحقیقات چنڈی گڑھ کے سیکٹر 11 پولیس اسٹیشن کی جانب سے کی جا رہی ہیں۔
یہ ہدایت اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے رکن اور ڈی ایس پی کی جانب سے دائر کردہ ایک درخواست کے بعد جاری کی گئی، جس میں عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ پوسٹ مارٹم کے عمل کے حصے کے طور پر پی جی آئی ایم ای آر ، چنڈی گڑھ میں متوفی آئی پی ایس افسر کی لاش کی شناخت کے عمل کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے امنیت پی کمار کو ہدایت دی تھی کہ وہ 15 اکتوبر 2025 کو — ذاتی طور پر یا اپنے قانونی نمائندے کے ذریعے — درخواست پر اپنا جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر جواب داخل نہ کیا گیا تو معاملہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔
چنڈی گڑھ پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی وائی پورن کمار کی افسوسناک موت کے حالات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔