ہریانہ۔دہلی،یوپی دہلی بارڈر کھولنے کی تیاری،کسان اور حکومت میں سمجھوتہ کا امکان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2021
ہریانہ۔دہلی،یوپی دہلی بارڈر کھولنے کی تیاری،کسان اور حکومت میں سمجھوتہ کا امکان
ہریانہ۔دہلی،یوپی دہلی بارڈر کھولنے کی تیاری،کسان اور حکومت میں سمجھوتہ کا امکان

 

 

نئی دہلی: دہلی سے نوئیڈا اور غازی آباد جانے والے مسافروں کے لیے بڑی راحت کی خبر ہے۔ جلد ہی ٹکری اور غازی پور بارڈر سے راستہ کھولا جا سکتا ہے۔ پولیس نے دونوں جگہوں سے رکاوٹیں ہٹانا شروع کر دی ہیں۔

ڈی سی پی (ایسٹ) پرینکا کشیپ نے کہا کہ این ایچ9 سیکٹر2 اور3میں کھل رہا ہے۔ جلد ہی این ایچ24کوبھی کھول دیا جائے گا۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کسانوں کے ساتھ معاہدہ ہونے کے بعد دونوں سرحدوں پر ہنگامی راستے کھول دیے جائیں گے۔ جمعہ کی صبح پولیس کو رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔

اگر راستہ کھل جاتا ہے تو لاکھوں لوگوں کو راحت ملے گی جو گزشتہ 11 مہینوں سے جاری کسانوں کے احتجاج سے متاثر ہیں۔ آج جمعہ سے ٹکری بارڈر سے دہلی جانے والی یک طرفہ سڑک کے کھلنے کی امید ہے۔ دہلی پولیس کی ٹیم نے دہلی کی طرف ٹکری بارڈر پر لگے رکاوٹوں کو ہٹا دیا۔

سڑک کے بیچوں بیچ کیلیں ہٹا کر جے سی بی کی مدد سے راستہ بھی تھوڑا صاف کیا گیا۔ ہریانہ حکومت کی پاور کمیٹی نے دو دن پہلے یہاں بہادر گڑھ میں منعقدہ کسانوں اور انتظامیہ کی میٹنگ کے دوران یہاں بند سڑکوں کی حالت دیکھی تھی۔

سرحد پر کسانوں کے اسٹیج تک سڑک پہلے ہی کھلی ہے۔ ٹکری سرحد (دہلی-ہریانہ) اور غازی پور سرحد (دہلی-یو پی) پر ہنگامی راستوں کو کھولنے کا منصوبہ ہے، جو کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے بند ہیں۔ کسانوں کے ساتھ اتفاق رائے کے بعد سرحدوں پر رکاوٹیں ہٹا دی جائیں گی۔

کسانوں کی تحریک کی وجہ سے رکاوٹیں ہٹانے کے پیچھے سپریم کورٹ کا حکم مانا جا رہا ہے۔ 21 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ کسانوں کو احتجاج کرنے کا حق ہے، لیکن سڑکوں کو غیر معینہ مدت تک نہیں روکا جا سکتا۔پولیس افسر کے مطابق کسانوں کو احتجاج کی جگہ سے راستہ دینے کو کہا جا رہا ہے۔

اگر وہ راستہ دینے پر راضی ہو گئے تو جمعہ کی شام تک روہتک روڈ کو کھول دیا جائے گا۔ پی ایم نے کہا تھا کہ ہم اپنی فصلیں کہیں بھی بیچ سکتے ہیں۔ سڑکیں کھلیں تو ہم اپنی فصلیں بیچنے پارلیمنٹ بھی جائیں گے۔ پہلے ہمارے ٹریکٹر دہلی جائیں گے۔ ہم نے روڈ بلاک نہیں کیا، سڑکوں کی بندش ہماری تحریک کا حصہ نہیں ہے۔

دہلی پولیس ہریانہ پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ٹکری بارڈر پر پولیس اور کسان رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا دور رات گئے تک جاری رہا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اگر کسان جمعہ تک راضی ہو جائیں تو ٹکری بارڈر کھول دیا جائے گا۔ ڈی سی پی پرمیندر نے کہا کہ دہلی پولیس نے جمعرات کو بیریکیڈ کو نہیں ہٹایا، لیکن اسے ہٹانے کی تیاری کر رہی ہے۔