ہنومان چالیسہ آپ کی بہت مدد کرتا ہے -شبھانشو شکلا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-12-2025
ہنومان چالیسہ آپ کی بہت مدد کرتا ہے -شبھانشو شکلا
ہنومان چالیسہ آپ کی بہت مدد کرتا ہے -شبھانشو شکلا

 



علیگڑھ، یکم دسمبر: مشہور خلاباز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا علیگڑھ کے سینٹ فیڈیلس سینئر سیکنڈری اسکول کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے، جہاں بچوں نے بڑی محنت اور محبت سے ان کا استقبال کیا۔ وہ ابھی کچھ ہی دن پہلے خلا سے اپنا مشن مکمل کرکے بھارت واپس آئے ہیں، تو ظاہر ہے بچے بھی اُنہیں دیکھ کر پرجوش تھے۔

انہوں نے اسکول کے بچوں سے آرام سے بیٹھ کر باتیں کیں, ڈر کو کیسے سنبھالتے ہیں، مشکل لمحوں میں ذہن کو کیسے پرسکون رکھتے ہیں، اور خلا کے سفر میں ذہنی مضبوطی کتنی ضروری ہوتی ہے۔

پانچویں جماعت کی ایک طالبہ اننیا سنگھ نے ان سے پوچھا کہ وہ خلا میں رہ کر گھبراہٹ کو کیسے قابو میں رکھتے تھے۔

شکلا نے مسکرا کر کہا“بہت بار ایسا ہوتا ہے جب ڈر لگتا ہے۔ ہنومان چالیسہ اس وقت بہت مدد کرتی ہے۔ میں وہاں ‘رام رام رام’ جپ رہا تھا، جس نے مجھے بڑی طاقت دی۔”
انہوں نے ساتھ ہی بتایا کہ اصل بات یہ ہے کہ مشکل لمحے میں دماغ کو حاضر رکھنا اور گھبراہٹ کے بجائے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے بچوں کو ایک مثال بھی دی، بالکل گھریلو انداز میں:

“فرض کرو کل امتحان ہے اور ابھی تک کچھ نہیں پڑھا۔ اب دو راستے ہیں, یا تو ڈر کر سارا دن ضائع کر دو، یا جتنا وقت بچا ہے اُس میں پڑھ لو۔ دھیان ہمیشہ اس بات پر ہونا چاہیے کہ ابھی کیا کر سکتے ہو۔ تب ہی ڈر کم ہو جاتا ہے۔”اننیا اس ملاقات سے بہت متاثر ہوئی۔ اس نے کہا کہ وہ آئی اے ایس افسر بننا چاہتی ہے اور شکلا سر کی باتوں نے اسے اور حوصلہ دیا۔