چھتیس گڑھ کے قبائلی علاقوں میں 113 ہینڈ پمپ اور بورویل لگائے جائیں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-05-2026
چھتیس گڑھ کے قبائلی علاقوں میں 113 ہینڈ پمپ اور بورویل لگائے جائیں گے
چھتیس گڑھ کے قبائلی علاقوں میں 113 ہینڈ پمپ اور بورویل لگائے جائیں گے

 



نئی دہلی
چھتیس گڑھ کے سرگوجا ضلع انتظامیہ نے خاص طور پر حساس قبائلی گروپ (پی وی ٹی جی) پہاڑی کوروا برادری کے لوگوں کے لیے دور دراز علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے مقصد سے 113 ہینڈ پمپ اور بورویل نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔حکام کے مطابق، اس اقدام سے اُن دیہاتیوں کو راحت ملنے کی امید ہے، جو اس وقت اپنے گاؤں سے دور واقع روایتی آبی ذرائع سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ وشنو دیو سائے نے حال ہی میں سرگوجا کے دور افتادہ علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران کو سنجیدگی سے لیا اور ضلع کلکٹر کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
افسر نے کہا کہ سائے نے اس بات پر زور دیا تھا کہ دور دراز جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہیں، اور فلاحی منصوبوں کا فائدہ، خاص طور پر ضروری خدمات، ہر ضرورت مند تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کی ہدایات کے بعد سرگوجا کے کلکٹر اجیت وسنت نے متعلقہ محکموں کو ایک ماہ کے اندر تمام 113 ہینڈ پمپ اور بورویل کے کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وسنت نے بتایا کہ زمینی سروے پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ ضلع کے لُندرا میں 34، بتولی میں 6، لکھن پور میں 22، امبیکاپور میں 11، سیتاپور میں 16، مین پاٹ میں 20 اور ادے پور میں 4 ہینڈ پمپ اور بورویل کھودے جائیں گے۔ ان تمام ترقیاتی بلاکس میں ضلع معدنیاتی ادارہ ٹرسٹ (ڈی ایم ایف) فنڈ کے تحت یہ کام انجام دیا جائے گا۔