اپنے دفاع کے نام پر بندوقیں خوف پھیلاتی ہیں، سیکورٹی نہیں: الہ آباد ہائی کورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-05-2026
اپنے دفاع کے نام پر بندوقیں خوف پھیلاتی ہیں، سیکورٹی نہیں: الہ آباد ہائی کورٹ
اپنے دفاع کے نام پر بندوقیں خوف پھیلاتی ہیں، سیکورٹی نہیں: الہ آباد ہائی کورٹ

 



پریاگ راج 
الہ آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مجرمانہ پس منظر رکھنے والے افراد کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے متعلق اپنی پالیسی پر دوبارہ غور کرے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں اسلحہ ایسے آلات ہیں جنہیں طاقت کے اظہار اور تحفظ کا ایک مصنوعی احساس پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جو اکثر سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرتا ہے اور معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کرتا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ’’خود دفاع‘‘ کے نام پر کھلے عام اسلحہ لے کر گھومنا، جو اکثر دوسروں کو خوف زدہ کرنے اور دھمکانے کا ذریعہ بن جاتا ہے، حقیقی تحفظ فراہم کرنے کے بجائے خوف کو فروغ دیتا ہے۔
عدالت کے مطابق، ایسا معاشرہ جہاں مسلح افراد اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوں اور دھمکیوں کے ذریعے اپنا اثر و رسوخ قائم کرتے ہوں، زیادہ آزاد یا پرامن نہیں بن سکتا۔ اس کے برعکس، اس سے عوام کا اعتماد کمزور ہوتا ہے، تحفظ کا احساس متاثر ہوتا ہے اور شہری امن و سکون میں خلل پیدا ہوتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ خود دفاع کا حقیقی مقصد جان و مال کا تحفظ اور نظم و نسق کو برقرار رکھنا ہے، نہ کہ رعب و دبدبہ قائم کرنا یا خوف کی فضا پیدا کرنا۔ اس لیے ایسی ثقافت، جو اسلحے کی نمائش اور دوسروں کو دھمکانے کی حوصلہ افزائی کرتی ہو، ایک پُرامن اور قانون پسند معاشرے کے لیے مناسب نہیں سمجھی جا سکتی۔
اس سے قبل ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس ونود دیواکر نے ریاست کے تمام 75 اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت دی تھی کہ وہ اسلحہ لائسنس جاری کرتے وقت یا ان کی تجدید کے دوران آرمز ایکٹ اور اس سے متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔ عدالت نے یہ مشورہ بھی دیا تھا کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی پالیسی پر دوبارہ غور کیا جائے۔عدالت نے ان تمام افراد کی تفصیلات طلب کی تھیں جن کے پاس اسلحہ لائسنس موجود ہیں۔ اس کے جواب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) نے ایک حلف نامہ عدالت میں جمع کرایا۔ حلف نامے کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ قانون پر سختی سے عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
اگرچہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) نے اپنے حلف نامے میں بتایا کہ ریاست میں اس وقت 10 لاکھ 8 ہزار 953 اسلحہ لائسنس موجود ہیں، جن میں مختلف زمروں کے 23 ہزار 407 درخواستیں ابھی زیر التوا ہیں، جبکہ ضلع مجسٹریٹس کے فیصلوں کے خلاف 1 ہزار 738 اپیلیں کمشنروں کے پاس زیر سماعت ہیں، تاہم اعداد و شمار سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ 20 ہزار 960 خاندانوں کے پاس ایک سے زائد اسلحہ لائسنس ہیں اور 6 ہزار 62 ایسے افراد کو بھی اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے ہیں جن کا مجرمانہ پس منظر رہا ہے۔
عدالت کو ایسے ’’باہوبلیوں‘‘ کی ایک فہرست بھی فراہم کی گئی۔ عدالت نے اپنے 11 مارچ کے حکم میں ان افراد کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کی تھیں جنہیں مجرمانہ تاریخ رکھنے کے باوجود اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے تھے۔
عدالت نے کہا تھا کہ بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے اور عوام کا انتظامیہ پر اعتماد برقرار رکھنے کے لیے حکومت کو ایک غیر جانبدار، شفاف اور امتیاز سے پاک پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔
عدالت نے اپنے سابقہ احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے داخلہ سکریٹری سطح کے کسی افسر سے تفصیلی معلومات پیش کرنے کو کہا ہے۔ عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس معاملے میں اجتماعی اور انفرادی دونوں سطحوں پر جوابدہی طے ہونی چاہیے۔
عدالت نے ہدایت دی ہے کہ اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کے درست پتے اور متعلقہ معلومات زون وار فراہم کی جائیں۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 26 مئی کو مقرر کی گئی ہے اور عدالت نے اس تاریخ تک عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔