گجرات:مسلمان کا وارث غیر مسلم نہیں ہوسکتا:عدالت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2023
گجرات:مسلمان کا وارث غیر مسلم نہیں ہوسکتا:عدالت
گجرات:مسلمان کا وارث غیر مسلم نہیں ہوسکتا:عدالت

 

 

احمد آباد: ایک مقامی عدالت نے تین بیٹیوں کی طرف سے لائے گئے ایک مقدمے کو مسترد کر دیا جو ہندو تھیں اور ان کی والدہ موت سے قبل مسلمان ہوگئ تھیں۔ بیٹیاں ماں کی جائیداد میں حصہ چاہتی تھیں لیکن کورٹ کا حکم تھا کہ کسی مسلمان کے غیرمسلم بچے اس کی جائیداد کے وارث نہیں ہوسکتے۔ عورت کے مسلمان بیٹے کو عدالت نے اس کا درجہ اول کا وارث اور جائز جانشین قرار دیا تھا کیونکہ اسلامی قوانین کے مطابق کسی مسلمان کے غیر مسلم بچے اس کی وارث یا جانشین نہیں ہوسکتے ہیں۔

کیس کی معلومات میں کہا گیا ہے کہ رنجن ترپاٹھی کے شوہر، جو بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے ملازم تھے، 1979 میں فوت ہوگئے۔ اس دوران دوبچیوں کی ماں رنجن ترپاٹھی حاملہ تھیں۔ ہمدردی کی بنیاد پر، بی ایس این ایل نے بیوہ کو کلرک کے طور پر کام دے دیا۔ تاہم، وہ زیادہ دن اپنے خاندان کے ساتھ نہیں رہیں، اور ان کی تین لڑکیوں کی دیکھ بھال ان کے آبائی خاندان نے کی۔

رنجن اپنے خاندان کو چھوڑنے کے بعد ایک مسلمان شخص کے ساتھ چلی گئیں۔ تینوں بیٹیوں نے 1990 میں ان کے خلاف نگہداشت کا مقدمہ دائر کیا، جس میں بچیوں کو ترک کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ان کہنا تھاکہ محکمہ نے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے انہیں ملازمت پر رکھا تھا۔ کیس بیٹیوں نے جیت لیا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد، رنجن نے 1995 میں ایک مسلمان شخص سے شادی کی، اور اگلے سال، انہوں نے اپنے سروس ریکارڈ میں اپنا نام بدل کر ریحانہ ملک رکھ لیا۔ انہوں نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔ 2009 میں انتقال کرنے سے پہلے اپنے بیٹے کو انہوں نے اپنی وصیت میں نامزد کیا تھا۔

رنجن عرف ریحانہ کے انتقال کے بعد، ان کی تین بچیوں نے سٹی سول کورٹ میں مقدمہ دائر کیا، جس میں ان کی والدہ کے پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی، انشورنس، لیو ان کیشمنٹ اور دیگر مراعات پر اپنے حق کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ الزام لگایا گیا کہ وہ کلاس ون کی وارث ہیں کیونکہ وہ ان کی حیاتیاتی بیٹیاں ہیں۔

مسلمان مرد کے ساتھ اپنی ماں کے تعلقات، ان کے اسلام قبول کرنے اور ان کی جگہ لینے کے لیے ان کے بیٹے کی اہلیت کے بارے میں، تینوں بہنوں نے متضاد دعوے کیے تھے۔ ایک نوٹرائزڈ بیان، شادی کی رجسٹریشن، اور ان کے سروس ریکارڈز میں نامزدگی کا اندراج اس کی تبدیلی کو ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، اور عدالت نے ان کے دلائل کو خارج کر دیا جو کہ اسٹاپل اصول کے حقائق پر مبنی تھے۔

عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق اگر متوفی مسلمان تھی تو اس کے کلاس ون کے وارث ہندو نہیں ہو سکتے۔ مرنے والے مسلمان کے فوری وارث صرف مسلمان ہی ہوسکتے ہیں۔ ماں نے اسلام قبول کرنے، شادی کرنے اور مسلمان ہونے کے بعد ایک لڑکے کو جنم دیا۔ متوفیہ رنجن عرف ریحانہ کی بیٹیاں ہونے کے باوجود ہندو مدعی وراثت کے اہل نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے اسلام قبول کیا تھا اور وہ ہندو ہیں۔