گجرات میں چاندی پورا وائرس کے 35 معاملے، 22 افراد کی موت: وزیر صحت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
گجرات میں چاندی پورا وائرس کے 35 معاملے، 22 افراد کی موت: وزیر صحت
گجرات میں چاندی پورا وائرس کے 35 معاملے، 22 افراد کی موت: وزیر صحت

 



 گاندھی نگر: گجرات کے وزیر صحت پرفل پنشیریا نے کہا ہے کہ چندی پورا وائرس کے مشتبہ مریضوں سمیت 184 افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 35 افراد میں چندی پورا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے پیر کے روز بتایا کہ اب تک 22 مریضوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر اور آکسیجن کی مدد سے زیر علاج ہیں۔ ان کی نگرانی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کر رہی ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ریاستی محکمہ صحت نے متاثرہ علاقوں میں نگرانی اور جانچ کا عمل مزید تیز کر دیا ہے اور مشتبہ مریضوں کی نشاندہی اور انہیں الگ رکھنے کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔

پرفل پنشیریا نے کہا کہ گجرات میں 184 مریضوں کے خون کے نمونے لیے گئے جن میں مشتبہ مریض بھی شامل تھے۔ ان میں سے 35 افراد میں چندی پورا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس وقت 7 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر اور آکسیجن کی مدد سے زیر علاج ہیں اور ان کی دیکھ بھال ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب تک 22 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہم ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ سے زیادہ دیہات تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جہاں بھی کوئی مریض سامنے آتا ہے وہاں ماہر ڈاکٹر اور محکمہ صحت کی ٹیم نہ صرف مریض بلکہ اس کے اہل خانہ اور دیگر افراد کی بھی جانچ کرتی ہے۔ تاہم اب تک ایک ہی علاقے میں کوئی دوسرا متاثرہ مریض سامنے نہیں آیا۔ اس لیے بیماری کے ماخذ تک پہنچنا اور اس پر تحقیق کرنا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ یہ وائرس ایک مخصوص ریتی مکھی کے کاٹنے سے پھیلتا ہے جو مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ گجرات بھر کے بنیادی مراکز صحت۔ کمیونٹی مراکز صحت اور سول اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال چندی پورا وائرس کا کوئی مخصوص علاج یا دوا موجود نہیں ہے اور مریضوں کا علاج ان میں ظاہر ہونے والی علامات کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج گاندھی نگر میں ہماری ٹیم ریاست بھر کے تمام بنیادی مراکز صحت۔ کمیونٹی مراکز صحت اور سول اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ علاج کے طریقوں پر بات چیت کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اب اسپتال میں زیر علاج کوئی بھی مریض جان سے ہاتھ نہ دھوئے۔ ہماری طبی ٹیم مسلسل محنت کر رہی ہے۔ اس وائرس کا کوئی حتمی علاج یا دوا موجود نہیں ہے اور ڈاکٹر علامات کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔

پرفل پنشیریا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ کچی دیواروں یا مٹی کے گھروں میں اگر دراڑیں ہوں تو انہیں فوری طور پر بند کیا جائے۔ اگر بچوں میں بخار۔ قے۔ تشنج یا کوئی اور سنگین علامات ظاہر ہوں تو وقت ضائع کیے بغیر قریبی سرکاری ضلعی اسپتال سے رجوع کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ گجرات میں 15 سال سے کم عمر بچوں میں چندی پورا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ریاست کا محکمہ صحت مکمل طور پر مستعد اور تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی براہ راست نگرانی میں محکمہ صحت پوری ریاست میں وائرس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق چندی پورا وائرس رہیبڈووائریڈی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور یہ خاص طور پر برسات کے موسم میں مغربی۔ وسطی اور جنوبی ہندوستان میں شدید دماغی بخار کے چھٹ پٹ اور وبائی کیسز کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ وائرس ریتی مکھی۔ مچھر اور چیچڑ جیسے حشرات کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔ گجرات میں فلیبوٹومس پاپاتاسی نامی ریتی مکھی کو اس وائرس کا بنیادی ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔