بھاونگر (گجرات) : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ’’سیوا پکھواڑا‘‘ (خدمت پندرہ روزہ مہم) کی تعریف کی اور اپنی سالگرہ کی مبارکباد پر دنیا بھر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ گجرات کے بھاونگر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے خون کا عطیہ دیا ہے جبکہ گزشتہ تین دنوں میں ’’سیوا پکھواڑا‘‘ کے دوران 30 ہزار طبی کیمپ منعقد کیے گئے۔
انہوں نے کہا: "وشوکرما جینتی سے گاندھی جینتی تک، پورا ملک سیوا پکھواڑا منا رہا ہے۔ پچھلے تین دنوں میں اس مہم کے تحت کئی پروگرام منعقد ہوئے۔ صرف گجرات میں ہی ایک لاکھ لوگوں نے خون کے عطیہ کیمپوں میں خون دیا۔ مختلف شہروں میں صفائی مہم چلائی گئی جس میں لاکھوں افراد شامل ہوئے۔ ریاست میں 30 ہزار سے زیادہ طبی کیمپ لگائے گئے، جو ایک بڑی تعداد ہے۔ خواتین کی صحت اس مہم کا مرکزی نقطہ ہے۔"
سالگرہ کی مبارکباد کے لیے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا: "یہ ممکن نہیں ہے کہ میں ہر ایک شخص کو انفرادی طور پر شکریہ ادا کر سکوں، لیکن 17 ستمبر کو ہندوستان کے کونے کونے اور دنیا بھر سے موصول ہونے والی دعائیں اور نیک خواہشات میری طاقت ہیں۔ آج میں عوامی طور پر سب کا شکر گزار ہوں۔" بی جے پی نے وزیر اعظم مودی کی سالگرہ کے موقع پر ’’سیوا پکھواڑا‘‘ کے نام سے 15 روزہ ملک گیر مہم شروع کی تھی۔
اس مہم کے تحت ملک بھر میں خون کے عطیہ کیمپ، صفائی مہمات اور نمائشوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ مرکزی حکومت کی کامیابیاں اجاگر کی جا سکیں۔ اس سے قبل آج وزیر اعظم مودی نے بھاونگر میں ’’سمُدر سے سمرِدھی‘‘ (سمندر سے خوشحالی) پروگرام کے تحت 34,200 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا: "یہ پروگرام بھاونگر میں ہو رہا ہے لیکن یہ پورے ہندوستان کے لیے ہے۔
#WATCH | Bhavnagar, Gujarat | A huge crowd of people gathers to attend PM Modi's roadshow in Bhavnagar
— ANI (@ANI) September 20, 2025
(Source: ANI/DD) pic.twitter.com/2vqHG1jHM9
آج بھاونگر کو اس اہم اقدام کا مرکز بنایا گیا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارا ملک سمندر کے ذریعے خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے۔" عوامی ریلی سے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے حکام سے کہا کہ وہ بچوں کی وہ تصویریں جمع کریں جو تحفے کے طور پر ان کے لیے لائی گئی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جب ملک کو اپنے جہاز سازی (Shipbuilding) کو مضبوط بنانا چاہیے تھا تو اس وقت کانگریس کی حکومتوں نے غیر ملکی جہازوں کو کرایے پر لینا زیادہ بہتر سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کی وجہ سے ہندوستان کا اپنا جہاز سازی کا نظام تقریباً ختم ہوگیا اور غیر ملکی جہازوں پر انحصار مجبوری بن گیا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تقریباً 50 سال پہلے ہندوستان کا لگ بھگ 40 فیصد تجارت اپنے ہی جہازوں کے ذریعے ہوتا تھا لیکن اب یہ گھٹ کر صرف 5 فیصد رہ گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آج ہندوستان کو اپنے 95 فیصد تجارت کے لیے غیر ملکی جہازوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جس سے ملک کو بھاری معاشی نقصان ہوتا ہے۔
اس دوران وزیر اعظم نے اسے ’’آتم نربھر بھارت‘‘ (خودکفیل ہندوستان) کے راستے میں بڑی رکاوٹ قرار دیا اور ملک کو دوبارہ سمندری طاقت بنانے کے لیے قدم بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اگر ہندوستان کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننا ہے تو خود انحصاری ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا یہ عزم ہونا چاہیے کہ ’’چپ ہو یا شپ، سب کچھ ہندوستان میں ہی بنانا ہوگا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے ساتھ اب ہندوستان سمندری شعبے میں ’’نیکسٹ جنریشن ریفارم‘‘ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندری شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے ایک تاریخی فیصلہ لیا گیا ہے کہ بڑے جہازوں کو اب ’’انفراسٹرکچر‘‘ (بنیادی ڈھانچے) کے طور پر تسلیم کرلیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ہندوستان کی سمندری تجارت، بندرگاہوں اور شپنگ انڈسٹری کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں تھی، لیکن آزادی کے بعد کانگریس نے ملک کی ان صلاحیتوں کو دبایا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 6-7 دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی ہندوستان وہ کامیابی حاصل نہیں کر پایا جس کا وہ حق دار تھا۔
اس کی دو بڑی وجوہات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا: کانگریس نے ملک کو طویل عرصے تک ’’لائسنس-کوٹا راج‘‘ میں الجھائے رکھا اور عالمی منڈیوں سے الگ- تھلگ کیا۔ جب دنیا میں عالمی کاری (Globalisation) کا دور آیا تو صرف درآمدات کا سہارا لیا گیا اور گھوٹالوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کی پالیسیوں نے سب سے زیادہ نقصان ملک کے نوجوانوں کو پہنچایا اور ہندوستان کی اصل طاقت کو ابھرنے نہیں دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت ہے کہ ہندوستان خودکفیل بنے اور دنیا کے سامنے مضبوطی سے کھڑا ہو۔