گجرات:61 ابتک لاپتہ۔37لاشیں ملیں۔ 1000 کروڑ روپئےکی امداد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2021
دورے کے بعد امداد کا اعلان
دورے کے بعد امداد کا اعلان

 

 

 آواز دی وائس : نئی دہلی

تاوتے توگجرات کی ساحل سے ٹکر انے کے بعد کمزور پڑگیا اورممکنہ تباہی ٹل گئی لیکن اس کے باوجود اس کی زد میں آنے سے جو تباہی آئی ہے اس کے سبب  ابھی بچاو کاری اور ریلیف کاری جاری ہے۔ بحیر عرب میں جو جہاز پھنسے تھے اور ڈوبے تھے ان میں ابتک 29 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 61کتی تلاش جاری ہے۔ساتھ ہی حکومت نے کوتاہیوں کی جانچ کا حکم دیا ہے۔

کل گجرات کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعدوزیراعظم نریندرمودی نے گجرات کے سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے کے راحت پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ پیکیج انتہائی شدید سمندری طوفان سے تباہ ہوئے علاقوں میں بازآبادکاری کے کام کیلئے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، مرکز طوفان کے سبب نقصان کا جائزہ لینے کیلئے ایک بین وزارتی ٹیم بھی وہاں بھیجے گا۔ وزیراعظم مودی نے تمام متاثرہ ریاستوں میں طوفان تاؤتے کے سبب مرنے والے افراد کے لواحقین کو دو لاکھ روپئے فی کنبہ فوری نقد معاوضہ کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایک ٹوئیٹ میں جناب مودی نے کہا کہ سمندری طوفان کے سبب زخمی ہوئے افراد کو پچاس ہزار روپے دئے جائیں گے۔ جناب مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت قدری آفت سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہے اور انھیں ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔جناب مودی نے سمندری طوفان کے بعد متاثرہ لوگوں کیلئے جاری کام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نقصان زدہ بنیادی ڈھانچے کو دوبارہ تعمیر کرے گا۔ اس سے پہلے وزیراعظم نریندرمودی نے گجرات ساحل سے متصل دیو کے بدترین طور پر متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔

مرکزی حکومت ریاست میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے ایک بین وزارتی ٹیم کو روانہ کرے گی، جس کی بنیاد پر مزید مدد فراہم کی جائے گی۔

 وزیر اعظم نے ریاست کے عوام کو بھروسہ دلایا کہ مرکزی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر ے گی اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اس دورہ کے دوران وزیر اعظم نے کووڈ وبائی مرض سے پیداشدہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ ریاستی انتظامیہ نے اس سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدام کے بارے میں وزیر اعظم کو بتایا اور وزیر اعظم نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ بیماری کو روکنے کے لیے بھی قدم اٹھائے جانے چاہئیں۔

 گجرات کے اس دورہ میں ان کے ساتھ وزیر اعلی جناب وجے روپانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 وزیر اعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں اس سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے تئیں مکمل ہمدردی کا اظہار کیا اور ان خاندانوں کے تئیں افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے رشتہ داروں کو کھو دیا ہے۔وزیر اعظم نے کیرالہ، کرناٹک، گوا، مہاراشٹر، گجرات، راجستھان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں دمن اور دیو، اور دادر اور نگر حویلی میں اس طوفان کے سبب ہلاک شدگان کے لواحقین کو بطور معاوضہ 2 لاکھ روپے اور سنگین طور سے زخمی ہونے والوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز سمندری طوفان سے پیدا شدہ صورتحال سے متاثر ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ان ریاستوں کے ذریعے اپنے نقصان کا تخمینہ مرکز کے ساتھ شیئر کرنے کے بعد انہیں فوری مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

 مودی نے کہا کہ ہمیں قدرتی آفت سے متعلق انتظام کے سلسلے میں مزید سائنسی مطالعوں پر اپنی توجہ برقرار رکھنی ہوگی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو تیزی نکالنے کو یقینی بنانے کے لیے بین ریاستی تعاون اور جدید مواصلاتی تکنیک کے استعمال پر بھی توجہ دینے کو کہا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں تباہ ہوئے گھروں اور جائیدادوں کی مرمت پر بھی فوری توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔