احمد آباد
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے ہفتہ کے روز احمد آباد کے نارائنا اسپتال میں نئے ریڈی ایشن آنکولوجی سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کو کینسر کے علاج کو مزید مؤثر، جدید اور آسان بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق: یہ مرکز جدید ہیلسیون ریڈی ایشن تھراپی سسٹم سے لیس ہے، جو اپنی تیز رفتاری اور انتہائی درست علاج کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی تصویری رہنمائی کے ساتھ انتہائی درست علاج فراہم کرے گی اور کینسر زدہ رسولیوں کے اردگرد موجود صحت مند بافتوں پر پڑنے والے مضر اثرات کو کم کرے گی۔
ایک ہی جگہ کینسر کا مکمل علاج
نئے ریڈی ایشن آنکولوجی سینٹر کے آغاز کے بعد نارائنا اسپتال احمد آباد میں اب کینسر کے علاج کی تینوں اہم سہولتیں دستیاب ہو گئی ہیں، جن میں:
میڈیکل آنکولوجی
سرجیکل آنکولوجی
ریڈی ایشن آنکولوجی شامل ہیں۔
اس کے نتیجے میں مریضوں کو ایک ہی مقام پر کینسر کے جامع اور مربوط علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق احمد آباد اور آس پاس کے اضلاع کے لوگوں کو اب مکمل کینسر علاج کے لیے مختلف مراکز کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
تقریب میں ممتاز شخصیات کی شرکت
افتتاحی تقریب میں نارائنا ہیلتھ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر دیوی شیٹی، فیسلٹی ڈائریکٹر ہیمنت بھاٹناگر، کنسلٹنٹ ریڈی ایشن آنکولوجسٹ ڈاکٹر تسنیم نالوالا سمیت متعدد ممتاز ڈاکٹروں، مہمانوں اور اسپتال کے عملے نے شرکت کی۔
امت شاہ نے طلبہ کے لیے ہاسٹل کا افتتاح کیا
دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون امیت شاہ نے احمد آباد کے سولا علاقے میں واقع ماں امیہ دھام کیمپس میں طلبہ اور طالبات کے لیے نئے ہاسٹل کا افتتاح کیا، جس کا انتظام امیہ ماتاجی سنستھان، اونجھا کے تحت کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور کابینہ وزیر رشیکیش پٹیل بھی موجود تھے۔
امیت شاہ نے اس موقع پر پاٹیدار برادری کو شہر کے اہم علاقے میں 1600 طلبہ و طالبات کے لیے جدید تعلیمی سہولتیں قائم کرنے پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ پاٹیدار برادری نے اپنی سماجی ترقی کے لیے جو تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں وہ قابلِ تعریف ہیں، اور گجرات کی پاٹیدار برادری کی ترقی کی مثال کم ہی ملتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق امیت شاہ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ مغربی بنگال میں کامیابی کے بعد بی جے پی تقریباً 80 فیصد جغرافیائی علاقے پر حکمرانی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ملک کا مستقبل اس کے شہری طے کریں گے، نہ کہ درانداز عناصر۔