گاندھی نگر:گجرات میں ایشیائی شیروں کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ مردم شماری کے مطابق ریاست میں ان شیروں کی تخمینی تعداد بڑھ کر 891 ہو گئی ہے، جو پانچ سال قبل 674 تھی۔ یہ اطلاع بدھ کے روز محکمہ جنگلات کے حکام نے دی۔ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں ایشیائی شیروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو ریاست کی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 891 شیروں میں 196 نر، 330 مادہ، 140 نو عمر اور 225 بچے شامل ہیں۔ شیروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ان کے رہائشی علاقے میں بھی توسیع دیکھی گئی ہے۔ پہلے یہ شیر صرف جوناگڑھ اور امریلی کے گر نیشنل پارک اور وائلڈ لائف سینکچری تک محدود تھے، لیکن اب ان کی موجودگی 11 اضلاع میں پھیل چکی ہے، جن میں کئی غیر جنگلاتی اور ساحلی علاقے بھی شامل ہیں۔
چیف پرنسپل کنزرویٹر آف فاریسٹ، جے پال سنگھ کے مطابق گر پارک اور اس سے منسلک محفوظ علاقوں میں 384 شیر پائے گئے، جبکہ 507 شیر ان علاقوں سے باہر دیکھے گئے۔ گر کے باہر شیروں کو پنیا، مٹِیالا، گرنار اور باردا جیسے علاقوں میں دیکھا گیا، جبکہ پوربندر سے قریب 15 کلومیٹر دور باردا سینکچری میں 17 شیر موجود تھے۔ بھاونگر ضلع میں ایک ہی جھنڈ میں سب سے زیادہ 17 شیر پائے گئے۔
محکمہ جنگلات نے 10 سے 13 مئی کے دوران 16ویں ایشیائی شیر مردم شماری دو مراحل میں مکمل کی، جس میں 11 اضلاع کے 58 تحصیلوں پر مشتمل 35,000 مربع کلومیٹر رقبے کا احاطہ کیا گیا۔ اس مہم میں 3,000 سے زائد رضاکار، افسران، معاونین اور نگرانوں نے حصہ لیا۔ مردم شماری کے دوران "ڈائریکٹ بیٹ ویریفکیشن" تکنیک استعمال کی گئی، جسے نہایت درست طریقہ کار مانا جاتا ہے۔ شیروں کی نگرانی کے دوران ان کے وقت، سمت، جنس، عمر، جسمانی علامات اورجی پی ایس مقام جیسی تفصیلات ریکارڈ کی گئیں۔
اس عمل میں کیمرہ ٹریپ، ہائی ریزولوشن کیمرے اور ریڈیو کالر جیسے جدید آلات کا استعمال بھی کیا گیا۔ ریاستی حکومت ہر پانچ سال بعد ایشیائی شیروں کی باقاعدہ مردم شماری کراتی ہے۔ اس بار جن اضلاع میں شیروں کی موجودگی ریکارڈ کی گئی، ان میں جوناگڑھ، گر سومناتھ، بھاونگر، راجکوٹ، موربی، سوراشٹر نگر، دیو بھومی دوارکا، جام نگر، امریلی، پوربندر اور بوٹاد شامل ہیں۔ شیروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے پھیلاؤ کو گجرات حکومت نے قدرتی ورثے کے تحفظ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔