رام مندر چوری کے قصورواروں کو تحفظ نہیں دیا جانا چاہئے: کانگریس ایم پی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-07-2026
رام مندر چوری کے قصورواروں کو تحفظ نہیں دیا جانا چاہئے: کانگریس ایم پی
رام مندر چوری کے قصورواروں کو تحفظ نہیں دیا جانا چاہئے: کانگریس ایم پی

 



حیدرآباد
ایودھیا رام مندر چندہ خردبرد معاملے میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں تحفظ نہیں دیا جانا چاہیے۔ یہ بات کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وویک تنکھا نے ہفتے کے روز کہی۔انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بی جے پی ملک کو ایک "مذہبی ریاست" کی طرف لے جا رہی ہے، جبکہ کانگریس آئینی حکمرانی کی حامی ہے۔
حیدرآباد میں انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے منعقدہ نیشنل لیگل کانکلیو کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وویک تنکھا نے کہا کہ ملک کے تمام شہری آئین اور قانون کی حکمرانی کے تابع ہیں، اور مذہب کو قانون توڑنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے رام مندر میں چوری کی ہے تو یہ ایک مجرمانہ فعل ہے اور مجرموں کو تحفظ نہیں دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چور کو کبھی تحفظ نہیں دیا جانا چاہیے، چاہے وہ آپ کا آدمی ہو یا کسی اور کا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان میں اور ہم میں یہی فرق ہے۔ ہمارے لیے آئین سب سے بڑا ہے، جبکہ ان کے لیے مذہب سب سے بڑا ہے۔ وہ ایک مذہبی ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں، جبکہ ہم ایک آئینی ریاست چاہتے ہیں۔
اس سے قبل کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے وویک تنکھا نے الزام لگایا کہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) انتخابی عمل کو متاثر کر رہی ہے اور موجودہ الیکشن کمیشن عوامی نمائندگیوں پر کوئی مناسب ردعمل نہیں دے رہا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں ادارہ جاتی ناکامی کی ایسی مثال نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وہ کئی چیف الیکشن کمشنروں سے مختلف معاملات پر ملاقات کرتے رہے ہیں اور متعدد مواقع پر ریلیف بھی حاصل ہوا، لیکن آج ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے کانگریس رہنما میناکشی نٹراجن کا نامزدگی فارم مسترد ہونا ان کے لیے انتہائی حیران کن تھا۔
اس موقع پر تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی کے انچارج (انتظامیہ) گردیپ سپّل، کانگریس کی سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی چیئرپرسن سپریا شرینیت، تلنگانہ حکومت کے وزراء اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔