پرائیویٹ اسکولوں میں کتابوں اور یونیفارم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے گائیڈ لائنز جاری کریں: اقراء چوہدری
نئی دہلی
اقرا چودھری، سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ، نے جمعہ کو لوک سبھا میں حکومت سے اپیل کی کہ نجی اسکولوں میں کتابوں اور یونیفارم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے رہنما خطوط جاری کیے جائیں۔
انہوں نے ایوان میں وقفۂ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھایا۔ اتر پردیش کے کیرانہ سے رکنِ لوک سبھا نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مہاتما جیوتیبا پھولے اور ساوتری بائی پھولے کو بعد از وفات "بھارت رتن" سے نوازا جائے۔اقرا چودھری نے کہا کہ سی بی ایس ای سے وابستہ کئی اسکول والدین پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔ اسکول انتظامیہ کسی ایک کتاب فروش کو مقرر کر دیتی ہے، جہاں سے ہی والدین کو کتابیں اور یونیفارم خریدنی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت سے گزارش ہے کہ نجی پبلشرز کی مہنگی کتابوں پر روک لگائی جائے، کسی ایک دکاندار سے خریداری کو لازمی بنانے پر پابندی ہو، یونیفارم اور کتابوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے رہنما اصول جاری کیے جائیں اور والدین کی شکایات کے لیے آن لائن پورٹل کی سہولت فراہم کی جائے۔اقرا نے مزید کہا کہ موصول ہونے والی شکایات پر اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے رکن آنند بھدوریا نے شاہجہاں پور میں مجاہدینِ آزادی اشفاق اللہ خان، رام پرساد بسمل اور روشن سنگھ کے مجسموں کو مبینہ طور پر توڑے جانے کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔