نام عظیم،قدتیس انچ۔ سلمان کےآشیروادسےلگی دلہنوں کی لائن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-04-2021
سلمان خان اور عظیم منصوری
سلمان خان اور عظیم منصوری

 

 

چوڑیاں بنتی ہیں دکانوں میں

جوڑیاں اوپرآسمانوں میں

یہ گاناتوآپ نے ضرورسناہوگااور یہ بھی سنا ہوگا کہ رشتہ،نوشتہ ہوتاہے۔ جی ہاں! یہ کہاوت مظفر نگر(یوپی) کے رہائشی عظیم منصوری پر پوری طرح صادق آتی ہے جو گزشتہ پانچ سال سے شادی کے لئے پ ریشان تھےاوردردربھٹکتے پھر رہے تھے،یہاں تک کہ انھوں نے شادی میں مدد کے لئے یوپی کے سابق سی ایم اکھلیش یادوسے بھی ملاقات کی اور بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سے بھی مدد مانگی تھی۔

دوسروں کی شادیاں دیکھ کران کے دل پر آریاں سی چلتی تھیں اور اکثر دل ہی دل میں گاتے تھے

میرایار بناہے دولہااورپھول کھلے ہیں دل کے،

میری بھی ہوجائے شادی دعاکروسب مل کے۔

امید بندھی

بہرحال اب مسرت کی بات ہے کہ ان کی قسمت کا تالا کھل گیا ہے۔ قدرت مہربان ہے اور رشتے آنے لگے ہیں۔ عظیم منصوری کی شادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کا قدہے، جس کی لمبائی محض تیس انچ ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سائز کی لڑکی کا ملنا ذرامشکل ہے لہٰذا عظیم کے لئے رشتے نہیں آرہے تھے۔ حالانکہ سب کی طرح ان کے بھی ارمان ہیں کہ دولہابنیں،اور گھوڑی پر چڑھیں۔ اب امید بندھی ہے کہ ان کے ارمان بھی پورے ہونگے۔

شادی کے لئے اتائولے عظیم

ظاہرہے کہ وہ ایک انسان ہیں اور دوسرے انسانوں کی طرح ان کے بھی خواب ہیں ،ضروریات ہیں۔ حالانکہ ان کا قدایک ایسی رکاوٹ ہے جو انہیں دوسروں سے الگ رکھتا ہے۔ان کا قد چھوٹاہے جس کے سبب آج تک ان کی شادی نہیں ہوسکی ہے۔ عظیم ،شادی کے لئے اس قدر اتائولے ہیں کہ انھوں نے تب کے یوپی کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادوسے ملاقات کی تھی اور اپیل کی تھی کہ ان کی شادی کاکوئی بندوبست کرادیں۔ انھوں نے اداکارسلمان خان سے بھی درخواست کی تھی کہ ان کی شادی کے لئے کچھ کریں۔ بہرحال اب حالات بدلتے نظر آرہے ہیں کہ عظیم منصوری کو مختلف لڑکیوں کی جانب سے شادی کی تجویزیں مل رہی ہیں۔

ریحانہ بنناچاہتی ہے عظیم کی شریک زندگی

قدبنارکاوٹ

 عظیم 5 ویں کلاس تک تعلیم یافتہ ہیں اورفی الحال ایک کاسمیٹک اسٹور میں کام کرتے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ کسی مناسب شریک حیات کی تلاش میں ان کا قد آڑے آ رہا ہے۔ عام اونچائی کی لڑکیاں ان کے پاس نہیں آرہی ہیں۔ چندہفتے قبل ان کی ایک تصویرمیڈیا میں آئی تھی جب وہ شادی کے سلسلے میں مقامی پولس سے مدد مانگنے گئے تھے۔ اس سے پہلے انہوں نے یوپی کے سابق وزیراعلی اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور ان سے اپنے لئے لڑکی ڈھونڈنے میں مدد کی درخواست کی۔

ریحانہ کی خواہش

گرشتہ دنوں غازی آباد سے ان کے لئے ایک رشتہ آیا تھا۔یعنی ان دنوں عظیم کی قسمت کے ستارے عروج پر ہیں۔غازی آبادسے ریحانہ انصاری (25) نام کی ایک لڑکی کا رشتہ آیا ہے۔ ریحانہ کا قدم بھی عظیم کے جیسا ہی ہے۔ وہ کہتی ہیں مجھے عظیم سے شادی کرکے خوشی ہوگی۔ میں گھر کے کاموں میں ان کی مدد کرسکتی ہوں۔ ' ریحانہ ، تیسری کلاس تک پڑھی ہوئی ہے۔

اقبال کی پریشانی

ریحانہ کے والد محمد اقبال کہتے ہیں ، 'عظیم بھی پریشان ہے اور ہم بھی۔ اگر اس کی شادی ہوجاتی ہے تو دونوں کنبے بہت خوش ہوں گے۔ میرے دوست اس رشتےکے سلسلے میں منصوری فیملی سے ملے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ شادی پر راضی ہوجائیں گے۔

سوشل میڈیا پر تجویز

عظیم کو ایک اور رشتہ ملا ہے مگرکس قدر سنجیدہ ہے،معلوم نہیں۔ یہ لڑکی دہلی کی رہنے والی ہے۔ اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہے کہ 'میں عظیم منصوری سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔ ہم دونوں اکیلے ہیں۔ میں دہلی میں رہتی ہوں ، میں نے عظیم کی ایک ویڈیو دیکھی ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کوئی بھی  مذکورہ لڑکی کے نام ، پتے سے واقف نہیں ہے۔ لیکن عظیم کو امید ہے کہ وہ لڑکی جلد ہی مل جائے گی۔ عظیم کے رشتہ دار آصف منصوری کا کہنا ہے کہ اب عظیم کے لئے مرادآباد ، ہاپوڑ اور سہارنپور سے بھی رشتےآرہے ہیں۔ عظیم کو بھی امید ہے کہ کوئی نہ کوئی رشتہ اب جلد طے پاجائے گا۔