نئی دہلی
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کی مختلف اقسام پر عائد ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی ہے۔یہ رعایت ای22، ای25، ای27 اور ای30 گریڈ کے پٹرول پر لاگو ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 22 فیصد، 25 فیصد، 27 فیصد اور 30 فیصد ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی کی شرح "صفر" ہوگی۔ایکسائز ڈیوٹی میں یہ چھوٹ صارفین کو ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے استعمال کی طرف راغب کرنے کے مقصد سے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مئی کے دوسرے نصف حصے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 7.50 روپے فی لیٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل مارچ میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، جس کے نتیجے میں سالانہ ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔
اس اقدام کا مقصد مغربی ایشیا میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ملکی صارفین کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔