نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی۔ سی جے پی۔ نے کہا ہے کہ حکومت نے جمعہ کو غیر جانبدار مقام پر مذاکرات کرنے کی ان کی درخواست قبول کر لی ہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ اپنے تمام مطالبات پر قائم رہے گی جن میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ بھی شامل ہے۔
یہ مذاکرات نئی دہلی کے کونسٹی ٹیوشن کلب میں ہوں گے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سماجی کارکن سونم وانگچک نے میڈانتا اسپتال میں مرکزی وزرا جے پی نڈا اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی موجودگی میں اپنا 26 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی۔
سی جے پی کے چیف ترجمان سوربھ داس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے غیر جانبدار مقام پر بات چیت کی درخواست قبول کر لی ہے جس پر پارٹی خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسٹی ٹیوشن کلب آف ہند کو مذاکرات کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پارٹی کی ترجمان ویشنوی گور نے کہا کہ حکومت نے غیر جانبدار مقام پر ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ہم وہی چار مطالبات پیش کریں گے جن پر پہلے دن سے قائم ہیں۔ ان میں دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ۔ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ۔ اور بے قصور مظاہرین کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لینا شامل ہے۔
سی جے پی کے کارکن ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ سونم وانگچک کی زندگی ملک کے لیے بے حد قیمتی ہے اور ان کا 26 روزہ بھوک ہڑتال ختم کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے وانگچک کی جرأت اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر پورے ملک کے ضمیر کو بیدار کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سونم وانگچک نے غیر معمولی حوصلے اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے اور کاکروچ جنتا پارٹی کا جنتر منتر پر پرامن احتجاج دھرمیندر پردھان کے استعفے تک جاری رہے گا۔
سونم وانگچک نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے 26 روز بعد اپنی بھوک ہڑتال مرکزی وزرا جے پی نڈا اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ لیہہ لداخ کی ایپکس باڈی کے سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں ختم کی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شرائط پر طویل مذاکرات اور ملک میں ممکنہ تشدد کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ایک الگ ویڈیو میں تمام شرائط کی تفصیل بیان کریں گے اور عوام سے اپیل کی کہ ہر قسم کے تشدد سے گریز کریں۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے کہا کہ سونم وانگچک کا بھوک ہڑتال ختم کرنا مودی حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت طلبہ کے مفاد اور جواب دہی کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ 2024 میں پرچہ لیک کے خلاف سخت قانون بنایا گیا تھا اور موجودہ اجلاس میں اس سے بھی زیادہ سخت قانون لانے کا بل پیش کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا کاکروچ جنتا پارٹی نے نیٹ۔ یو جی۔ 2026 پرچہ لیک معاملے میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے حق میں 24 جولائی کو ملک گیر پرامن احتجاج کی اپیل بھی کی ہے۔