نئی دہلی
ہندوستانی حکومت نے جمعہ کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ملک کو مزید پرکشش بنانے کے مقصد سے اصلاحات کے ایک سلسلے کا اعلان کیا ہے۔ ان اصلاحات کے تحت بیرونِ ملک مقیم افراد اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئیز) کے لیے سرمایہ کاری کے قوانین میں نرمی کی گئی ہے، جبکہ سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری پر ٹیکس مراعات بھی دی گئی ہیں۔
اصلاحات کے تحت اب بیرونِ ملک مقیم انفرادی افراد (پی آر او آئی) کو پورٹ فولیو انویسٹمنٹ اسکیم (پی آئی ایس) کے ذریعے ہندوستانی اسٹاک ایکسچینج میں درج کمپنیوں کے ایکویٹی آلات میں سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) اور اوورسیز سٹیزنز آف انڈیا (او سی آئیز) کے لیے دستیاب تھی۔
وزارتِ خزانہ نے کہا کہ یہ اقدامات ہندوستان کو عالمی سرمایہ کاری کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانے، سرمایہ منڈیوں کو گہرا کرنے اور طویل مدتی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
وزارت کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری سیکیورٹیز میں ایف پی آئیز کی سرمایہ کاری پر حاصل ہونے والے سود اور سرمایہ جاتی منافع کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔یہ ٹیکس چھوٹ یکم اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔ اسی نوعیت کی ٹیکس رعایت بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس (بی آئی ایس) کو بھی سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے سود اور سرمایہ جاتی منافع پر دی گئی ہے۔
حکومت نے کسی بھی کمپنی میں ایک انفرادی پی آر او آئی کی سرمایہ کاری کی حد 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام انفرادی پی آر او آئیز کے لیے مجموعی سرمایہ کاری کی حد موجودہ 10 فیصد سے بڑھا کر 24 فیصد کر دی گئی ہے۔مالی سال 2026-27 کے مرکزی بجٹ میں کیے گئے اعلان پر عمل درآمد کے لیے محکمہ اقتصادی امور فارن ایکسچینج مینجمنٹ (نان ڈیٹ انسٹرومنٹس) (تیسری ترمیم) قواعد، 2026 جاری کر رہا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ان تبدیلیوں سے سرمایہ کاری کا عمل آسان ہوگا کیونکہ این آر آئی اور او سی آئی سرمایہ کاروں کے لیے پہلے سے موجود آن بورڈنگ نظام سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
وزارت نے کہا کہ کم تعمیلی تقاضوں اور آسان رجسٹریشن کے باعث نسبتاً مستحکم غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ایک وسیع بنیاد کو راغب کرنے میں مدد ملے گی اور ہندوستانی ایکویٹی منڈیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔حکومت نے عالمی سرمایہ کاروں کی زیادہ شمولیت کو فروغ دینے کے لیے سرکاری سیکیورٹیز میں ایف پی آئی سرمایہ کاری کے فریم ورک میں بھی بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
نظرثانی شدہ نظام کے تحت فلی ایکسیسبل روٹ (ایف اے آر) کے تحت اہل سیکیورٹیز کی فہرست میں 15، 30 اور 40 سالہ مدت والی نئی سرکاری سیکیورٹیز کو شامل کیا جائے گا۔ اسی طرح اہل مدت والی سورین گرین بانڈز (ایس جی آر بیز) بھی اس فریم ورک میں شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ حکومت نے جنرل روٹ کے تحت سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کرنے والے ایف پی آئیز پر عائد تین پابندیاں ختم کر دی ہیں، جن میں مختصر مدتی سرمایہ کاری کی حد، ارتکاز کی حد اور ہر سیکیورٹی کے حساب سے سرمایہ کاری کی حد شامل ہیں۔تاہم مرکزی حکومت کی زیرِ گردش سیکیورٹیز میں 6 فیصد اور ریاستی حکومتوں کی سیکیورٹیز میں 2 فیصد کی مجموعی مقداری سرمایہ کاری حد برقرار رہے گی۔
وزارت نے موجودہ ’’جنرل‘‘ اور ’’لانگ ٹرم‘‘ سرمایہ کاری زمروں کو بھی یکجا کر کے سرکاری اور ریاستی سیکیورٹیز کے لیے ایک مشترکہ حد مقرر کر دی ہے۔وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پنشن فنڈز، انشورنس کمپنیاں اور خودمختار دولت فنڈز جیسے طویل مدتی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ ہندوستانی ایکویٹی اور سرکاری سیکیورٹیز کے لیے سرمایہ کاروں کی بنیاد بھی مزید وسیع ہوگی۔