حکومت امریکی سپریم کورٹ کے ٹیرف کے فیصلے کا مطالعہ کرے گی: پرہلاد جوشی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-02-2026
حکومت امریکی سپریم کورٹ کے ٹیرف کے فیصلے کا مطالعہ کرے گی: پرہلاد جوشی
حکومت امریکی سپریم کورٹ کے ٹیرف کے فیصلے کا مطالعہ کرے گی: پرہلاد جوشی

 



کلبُرگی
 مرکزی وزیر پرلہاد جوشی نے ہفتہ کے روز کہا کہ امریکہ کی سپریم کورٹ کے حالیہ ٹیرف سے متعلق فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی باضابطہ ردِعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ وزارتِ تجارت اور وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
ہفتہ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوشی نے کہا كہ میں نے میڈیا میں پڑھا ہے کہ امریکہ کی اعلیٰ عدالت نے کوئی فیصلہ دیا ہے۔ ہندوستانی حکومت اس کا مطالعہ کرے گی، اور جو بھی ردِعمل دینا ہوگا وہ وزارتِ تجارت اور وزارتِ خارجہ کی جانب سے دیا جائے گا، نہ کہ میری طرف سے۔
ان کے یہ بیانات اس کے بعد سامنے آئے ہیں جب امریکہ کی سپریم کورٹ نے 6-3 کے فیصلے میں قرار دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 1977 کے انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (آئی ای ای پی اے) کے تحت وسیع پیمانے پر درآمدی ٹیرف عائد کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔
چیف جسٹس جان رابرٹس، جسٹس نیل گورسوچ، ایمی کونی بیریٹ اور تین لبرل ججوں کے ساتھ، نے کہا کہ آئی ای ای پی اے صدر کو محصولات عائد کرنے کا اختیار نہیں دیتا، کیونکہ یہ اختیار آئینی طور پر کانگریس کو حاصل ہے۔ تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے کو “انتہائی خراب فیصلہ” قرار دیا اور ٹریڈ ایکٹ 1974 کے سیکشن 122 کے تحت 10 فیصد نیا عالمی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا، جو 150 دن کے لیے عارضی درآمدی سرچارج کی اجازت دیتا ہے۔
دریں اثنا، جوشی نے انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے انڈیا اے آئی سمٹ کے دوران بغیر قمیض احتجاج کرنے پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا كہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ کانگریس پارٹی اس طرح کا رویہ اپنا رہی ہے، جب کہ تقریباً 150 ممالک سے 20 سربراہانِ مملکت، 45 وزراء اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا كہ ہندوستان کی کارکردگی کا جشن منانے کے بجائے یہ لوگ ہنگامہ آرائی کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ہندوستان کی ترقی میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جمعہ کے روز ہونے والے احتجاج میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے سمٹ کے مقام پر اپنی قمیضیں اتار کر وزیرِ اعظم نریندر مودی پر “کمپرومائزڈ” ہونے کا الزام لگایا، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ یوتھ کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ احتجاج ایک “کمپرومائزڈ وزیرِ اعظم” کے خلاف تھا، جنہوں نے اے آئی سمٹ میں ملک کی شناخت کا سودا کیا ہے۔